عوام سے گھروں میں رہنے فاروق حسین کی اپیل

   

غریبوں کی مدد کیلئے آگے آنے اہل خیر حضرات پر زور
حیدرآباد ۔21اپریل ( راست ) فاروق حسین ایم ایل سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مہلک کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کیلئے حددرجہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں اس وباء سے مقابلہ کیلئے بروقت ہدایات جاری کررہی ہیں جن پر عمل آوری ضروری ہے ۔چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں ۔ فاروق حسین نے اس سلسلہ میں سید جلیل اظہر سے فون پر بات چیت کی ان کا کہنا ہے کہ اچھے دنوں کی واپسی کیلئے برے دنوں سے لڑنا ضروری ہے ۔ فاروق حسین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرتے ہوئے گھروں میں ہی رہیں کیونکہ اس وباء کا کوئی علاج نہیں ہے اور ساری دنیا کی سائنس بھی بے بس ہے ۔ حکومتوں کی کوششوں کے باوجود کافی لوگ پریشانی کا شکار ہیں ۔ انہوں نے عوام خاص طور پر مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں اور تمام کیلئے دعا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے صاحب اسطاعت کو آگے آکر غریبوں کی مدد کرنی چاہیئے کیونکہ کئی خوددار لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر سب ہی ضرورت مندوں کا خیال کرنا ضروری ہے ۔