عوام صحت مند غذا کا استعمال کریں وینکیا نائیڈو کا مفت میڈیکل کیمپ سے خطاب

   

شمس آباد 2 جولائی (سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع مچنتل میں واقع سورنا بھارت ٹرسٹ میں مفت میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا جس کا افتتاح سابق نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کیا۔ وینکیا نائیڈو نے اپنے خطاب میں کہاکہ عوام صحت مند غذا کا استعمال کریں۔ چائنیز غذا سے مکمل پرہیز کریں۔ چائنیز غذا سے صحت پر بہت بُرا اثر پڑرہا ہے۔ انسان پیسہ دے کر بیماری خرید رہا ہے۔ صحت مند گھر کی غذا کے استعمال سے انسان صحت مند رہتا ہے اور کسی بھی بیماری سے لڑنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ صحت مند ملک بنانے کے لئے سبھی افراد کا صحت مند ہونا ضروری ہے۔ آج باہر کی غذا کا استعمال فیشن بن چکا ہے جبکہ یہ صحت کے لئے انتہائی مُضر ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ ساتھ ہی ساتھ ورزش بھی کریں اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ ہماری صحت کا خیال ہمیں ہی رکھنا چاہئے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ سورنا بھارت ٹرسٹ بیروزگار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ٹریننگ دے کر ملازمت فراہم کرنے کا بہترین کام کررہا ہے۔ نوجوانوں میں شعور بیدار کرنا بیحد ضروری ہے۔ سورنا بھارت ٹرسٹ نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اُجاگر کرتے ہوئے ایک پروفیشنل آدمی بنانے کا کام بڑی خوبی کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔ اس موقع پر ٹرسٹ سکریٹری سبا ریڈی، میڈی کور ہاسپٹل منیجنگ ڈائرکٹر انیل کرشنا ریڈی، سی آر پی ایف سابق ڈی جی کے درگا پرساد کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔