عوام مخالف بلوںکی منسوخی کیلئے جدوجہد‘میدک سے مزدور۔کسان پورویاترا

   

Ferty9 Clinic

میدک، 10؍ جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے چار لیبر کوڈس، وی بی جی رام جی قانون، قومی بیج ترمیمی بل اور برقی ترمیمی بل کو عوام، مزدوروں اور کسانوں کے مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے ان کی منسوخی کے مطالبہ پر سی آئی ٹی یو، تلنگانہ ریتھو سنگھم اور تلنگانہ زرعی مزدور سنگھم کے زیرِ اہتمام ضلع بھر میں 8 سے 11 جنوری تک مزدور۔کسان پورو یاترا کا آغاز کیا گیا۔ میدک شہر کے مقامی پوسٹ آفس کے روبرو سی آئی ٹی یو کے ریاستی صدر چْکّا رامولو نے جھنڈی دکھا کر اس یاترا کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سرمایہ دارانہ مفادات کے تحت اصلاحات کو تیزی سے نافذ کر رہی ہے اور 2019 میں متعارف کرائے گئے لیبر کوڈس کے نفاذ کے لیے ریاستی حکومتوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جس سے محنت کشوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وی بی جی رام جی بل کے ذریعہ دیہی روزگار گارنٹی اسکیم کو کمزور کیا جا رہا ہے اور مزدوروں کے قانونی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، جبکہ مہاتما گاندھی کے نام کو ہٹا کر نئی قانون سازی کرنا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔سی آئی ٹی یو کے ضلع سیکریٹری اے ملّیشم نے کہا کہ یہ پورو یاترا ضلع کے تمام 21 منڈلوں میں عوام کو مرکزی حکومت کی مزدور، کسان اور عوام مخالف پالیسیوں سے آگاہ کرے گی اور 19 جنوری کو ضلع ہیڈکوارٹر پر بڑا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ زرعی مزدور سنگھم کے ضلع سیکریٹری کے ملّیشم نے نریگا کے تحفظ کے لیے جدوجہد تیز کرنے کی اپیل کی۔اس پروگرام میں سی آئی ٹی یو کی ضلع صدر بالامنی، خزانچی نرسماں، معاون ضلع سیکریٹری سنتوش، اور دیگر قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔