حیدرآباد۔ /3 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کا ایک ماہ بھی مکمل نہیں ہوا بی آر ایس نے 6 ضمانتوں کے خلاف کتابچہ جاری کردیا ہے۔ اسمبلی چناؤ میں عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے باوجود بی آر ایس کا دماغ ٹھکانے نہیں آیا ہے۔ چیف منسٹر آج گاندھی بھون میں کانگریس کے توسیعی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں بی آر ایس نے تلنگانہ کو بری طرح لوٹ لیا ہے۔ ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ بی آر ایس کے الزامات کا منہ توڑ جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ 17 کے ساتھ لوک سبھا کی مہم کا آغاز کرنا چاہیئے۔17 میں کم از کم 12 نشستوں پر کانگریس پارٹی کی کامیابی ہمارا مقصد ہونا چاہیئے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ 8 جنوری کو پانچ اضلاع اور 9 جنوری کو پانچ اضلاع کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ 10 تا 12 جنوری پارلیمانی حلقوں کے انچارجس کے ساتھ جائزہ لیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 20 جنوری کے بعد بنیادی سطح پر دوروں کا آغاز ہوگا۔ ریونت ریڈی نے بی جے پی صدر کشن ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شاید کشن ریڈی کی آمدنی گھٹ چکی ہے لہذا کالیشورم پراجکٹ پر سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں میں نے سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا لیکن مرکزی حکومت خاموش رہی۔ اب کے سی آر کو بچانے کیلئے بی جے پی سی بی آئی تحقیقات کی مانگ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چور بڑے چور کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کانگریس حکومت کالیشورم پراجکٹ پر عدالتی تحقیقات مکمل کرے گی اور خاطیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں نے کالیشورم کے نام پر لوٹ مچائی ہے اور پالمور رنگاریڈی پراجکٹ میں ناانصافی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے کارکنوں کو عنقریب نامزد عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری ذمہ داری ہے کہ محنت کرنے والے کارکنوں کو مناسب مقام دوں۔1