نظام آبادـ:27؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹرنظام آباد مسٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے ضلع بھر میں ہورہی موسلا دھار بارش کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مکمل طور پر چوکس اور محتاط رہیں۔ کلکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ سری رام ساگر کے نچلے علاقوں کے علاوہ ندیوں، نالوں اور آبی ذخائر کے اطراف رہنے والے افراد خاص طور پر الرٹ رہیں کیونکہ بارش کے باعث پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھاری بارش کی وجہ سے آمد و رفت میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں اور حادثات کا اندیشہ بڑھ گیا ہے، لہٰذا ضرورت کے بغیر سفر سے گریز کیا جائے۔کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے انتباہ دیا کہ عوام تفریح یا دیگر وجوہات کی خاطر تالابوں، کنویں، نہروں اور آبی ذخائر کے قریب جانے سے پرہیز کریں کیونکہ ذرا سی لاپرواہی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہمہ وقت چوکس رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں تاکہ جانی و مالی نقصان نہ ہونے پائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع کلکٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں عوام کسی بھی ہنگامی یا خطرناک صورتحال میں اطلاع دے سکتے ہیں۔ کنٹرول روم کا نمبر08468-220069 ہے جس پر فوری کال کرکے امداد حاصل کی جاسکتی ہے۔ کلکٹر نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ بارش کے دنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جان و مال کو محفوظ رکھیں۔