عوام نئی حکومت چاہتے ہیں ‘ اپوزیشن جماعتیں متحد ہوجائیں : دیوے گوڑا

,

   

ملک میں ہر طبقہ پریشان :کھرگے ۔بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنا ضروری : کجریوال۔کولکاتا ریلی سے خطاب

کولکاتا، 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے آج کہا کہ اب جبکہ عام انتخابات کا وقت قریب آگیا ہے تمام اپوزیشن جماعتوں کو اپنے اختلافات فراموش کرتے ہوئے متحد ہوجانا چاہئے تاکہ بی جے پی سے مقابلہ کرسکیں۔ جنتادل (سکیولر ) کے لیڈر یہاں اپوزیشن جماعتوں کی زبردست ریلی سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام ترنمول کانگریس نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر قائدین کا ایک چھوٹا سا گروپ تیار کیا جانا چاہئے تاکہ وہ بہتر حکمرانی کیلئے رہنمائی کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل نشستوں کی تقسیم کا مسئلہ بھی تنازعہ کا باعث بن سکتا ہے اور اس کو بھی جلد حل کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب نئی حکومت چاہتے ہیں۔ ایک مستحکم حکومت ضروری ہے تاکہ قوم کو طاقتور بنایاجاسکے ‘ تاہم 2014ء میں 282 نشستیں حاصل کرنے کے بعد مودی حکومت نے قوم کو مستحکم بنانے کی بجائے ملک کے سکیولر ڈھانچہ کو تباہ کرنے کا کام کیا ہے ۔وہ تمام دستوری اداروں کو تباہ کرنے کے در پہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ اپوزیشن کا وزیر اعظم کون ہوگا لیکن ان جماعتوں کو یہ یقین رکھنا ہوگا کہ وہ ایک مستحکم حکومت آئندہ پانچ سال کیلئے فراہم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی دعوی کرتے ہیں کہ مخلوط حکومت غیر مستحکم ہوتی ہے اور کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکتی لیکن اپوزیشن کو یہ ظاہر کرنا ہے کہ وہ ایک مستحکم حکومت بناسکتی ہے اور ملک کو ترقی دلا سکتی ہیں۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پارٹی صدر راہول گاندھی اور یو پی اے صدر نشین سونیا گاندھی نے ریلی کی کامیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے سونیا گاندھی کا پیام پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بحران کا شکار ہونے کے قریب ہے کیونکہ کسان اور مچھیرے پریشانیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اپوزیشن جماعتیں متحد نہیں ہوتیں اس وقت تک مودی اور امیت شاہ ملک کی جمہوریت اور سکیولر اقدار کو تباہ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اکثر نہ کھاونگا نہ کھانے دونگا کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن اب وہ اس کے برخلاف کام کر رہے ہیں۔ وہ اڈانی ‘ امبانی اور کارپوریٹس کو پورا موقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار فراہم کرنے میں بھی مودی ناکام ہوگئے ہیں۔ اس تعلق سے ان کے دعوے پوری طرح کھوکھلے ثابت ہوگئے ہیں۔ چیف منسٹر دہلی و کنوینر عام آدمی پارٹی اروند کجریوال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کے عوام کو چاہئے کہ وہ کسی بھی قیمت پر خطرناک بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک سنگین بحران کے دہانے پر ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک اور جمہوریت کو بچانے مودی حکومت کو فوری اقتدار سے بیدخل کیا جائے ۔ اگر مودی ۔ امیت شاہ آئندہ انتخابات جیت کر حکومت حاصل کرلیتے ہیں تو وہ دستور کو بدل کر رکھ دیں گے ۔ مرکز میں ایک فاشسٹ حکومت تشکیل پائیگی اور اسے روکنا سب کی ذمہ داری ہے ۔