نئی دہلی: کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ اس الیکشن میں ملک کے مینڈیٹ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اب وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو نہیں چاہتے ہیں۔ گاندھی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ یہ لڑائی آئین کو بچانے کی تھی، انہیں یہ بات تب سمجھ میں آئی جب حکومت نے کانگریس کے بینک اکاؤنٹس سیل کئے ، وزیر اعلیٰ کو جیل میں ڈال دیا، تب میرے ذہن میں یہ خیال آیا۔ یہ واضح ہو گیا تھا کہ اب ہندوستان کے لوگ آئین کی حفاظت کے لیے مل کر لڑیں گے اور میرا یہ پختہ یقین آج درست ثابت ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں اور لیڈروں نے آئین کو بچانے کے لیے سب سے بڑا قدم اٹھایا۔ اس کے تحت کانگریس پارٹی نے انڈیا گروپ کے لیڈروں کو ساتھ لیا اور جہاں بھی اتحاد لڑا وہاں سب نے مل کر الیکشن لڑا اور ملک کو ایک نیا ویژن دیا۔ گاندھی نے کہاکہ یہ انتخابی نتیجہ انڈیا الائنس کا آیا ہے اور آئین کو بچانے کی ہماری مہم کامیاب رہی۔ ملک نے اس الیکشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کو صاف صاف کہہ دیا ہے کہ ملک اب انہیں نہیں چاہتا۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ ملک کو بچانے کا کام ہندوستان کے غریب لوگوں نے کیا ہے ، قبائلیوں نے کیا ہے ، مزدوروں نے کیا ہے ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ آئین ملک کی آواز ہے ۔ ہندوستان کے سب سے غریب لوگوں نے ملک کو بچایا ہے ۔ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل انڈیا گروپ کے رہنماؤں کا اجلاس بلایا گیا ہے اور اس میں آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں اتحادی رہنما جو بھی فیصلہ کریں گے ، اسی کے مطابق آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ راہول نے امیٹھی میں کامیابی پر کشوری لال شرما کو مبارکباد دی ۔