عوام نے چوکیدار کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے : راہول گاندھی

,

   

رافیل کی تحقیقات کے بعد چوکیدار اور حواری جیل میں ہونگے ۔ کانگریس صدر کا خطاب
سوپاول 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک کے عوام نے چوکیدار کو گھر بھیج دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی نے عوام سے چوکیدار کا رول ادا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے ووٹ تو حاصل کرلئے لیکن وہ انیل امبانی جیسے لوگوں کے چوکیدار بن گئے ۔ اب عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ چوکیدار کو اس کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کرکے گھر بھیج دیا جائیگا ۔ اپنی تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ آج کل چوکیدار کے چہرے پر ڈر واضح دکھائی دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈر شکست کا ہے ۔ یہ ڈر عوام کے سامنے بے نقاب ہوجانے کا ہے جب رافیل معاملت کی سچائی سامنے آئے گی ۔ جب یہ تحقیقات مناسب انداز میں ہونگی تو چوکیدار خود بھی جیل میں ہوگا اور اس کے حواری بھی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو جتنی چاہے کوشش کرنے دیجئے بہار کے عوام نے اور ملک کے عوام نے اپنا یہ ذہن بنالیا ہے کہ چوکیدار کو ایک اور معیاد کا موقع نہیں دینگے ۔ گاندھی نے دعوی کیا کہ منموہن سنگھ حکومت نے بہار کو زیادہ فراخدلانہ معاشی امداد فراہم کی جبکہ این ڈی اے نے ایسا نہیں کیا حالانکہ بی جے پی اور جے ڈی یو ریاست میں اقتدار میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بہار کے کوسی علاقے میں 2008 میں سیلاب آیا تو یو پی اے حکومت نے 100 کروڑ سے زائد کی مدد کی تھی ۔ دوسری جانب 2017 میں جب دوبارہ یہاں سیلاب آیا تو مودی حکومت نے ریاست کو پانچ روپئے بھی نہیں دئے ۔ کانگریس صدر نے ملک کے غریب خاندانوں کو سالانہ 72,000 روپئے اقل ترین آمدنی کو یقینی بنانے کے عہد کا اعادہ کیا اور کہا کہ 22 لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کا وعدہ بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت سطح پر بھی دس لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس محض زبانی وعدوں میں یقین نہیں رکھتی بلکہ وہ ان وعدوں کو پورا بھی کرتی ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے مدھیہ پردیش ‘ چھتیس گڑھ اور راجستھان میں کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کی مثال دی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز میں کانگریس کی حکومت بن جاتی ہے تو ملک کے کسانوں کیلئے بھی بہت کچھ کیا جائیگا ۔
نیائے اسکیم معیشت کیلئے پٹرول ثابت ہوگی: راہول
بلاسپور 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی کی معلنہ اقل ترین آمدنی کی اسکیم نیائے ملک کی معیشت کیلئے پٹرول ثابت ہوگی ۔ انہوں نے چھتیس گڑھ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ہر غریب خاندان کو سالانہ 72 ہزار روپئے آمدنی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ یہ اسکیم ملک کی معیشت کیلئے پٹرول ثابت ہوگی ۔ اس اسکیم کی مدد سے ہندوستان میں غربت کا خاتمہ کیا جاسکے گا ۔