عوام پرامن ماحول میں تہوار منائیں : سرکل انسپکٹر

   

اوٹکور : نارائن پیٹ ضلع ایس پی این ، وینکٹیشورلو کی ہدایت پر اوٹکور پولیس اسٹیشن میں سرکل انسپکٹر مکتھل کی زیر صدارت میں ہندو، مسلم قائدین کے ساتھ ایک امن میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ سرکل انسپکٹر ستیا نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں منعقد ہونے والے تہواروں کو پرامن ماحول میں منایا جائے۔ ایک دوسرے مذاہب کے احترام کے ساتھ اپنے اپنے تہواروں کو پرامن طریقے سے منایا جائے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے وقت میں عوام کو نارائن پیٹ ضلع کا نام روشن کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ آنے والے دنوں میں مختلف تہوار آرہے ہیں۔ اس لئے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کئے جائیں گے کہ عوام اپنے تہوار پرامن طریقے سے منائیں۔ انہوں نے عوام سے تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر ایس آئی پروتالو، سرپنچ سوریہ پرکاش ریڈی، نائب سرپنچ عبدالرحمن ، سابق زیڈ پی ٹی سی اروندکمار، محمد منصور علی، ضمیر علی امرچنتہ، محمد منیر گدوال، ناصرخان، ایگنیشورریڈی، نذیر احمد، شیخ سمیع، شاہنواز، عبدالقادر کرنول، عبدالرحیم پورلہ اور دیگر موجود تھے۔