عوام پر بوجھ کے بغیر اراضیات کی قیمتوں کو سائنسی طریقہ سے اضافہ کے اقدامات

   

نئے سب رجسٹرار دفاتر کی تعمیر میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت ، وزیر مال سرینواس ریڈی کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔5۔جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کے اقدامات سائنسی طریقہ کار کے ساتھ کئے جائیں اور عوام پر کسی طرح کا بوجھ عائد کئے بغیر محکمہ مال کی جانب سے انہیں بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ریاست بھر میں نئے سب رجسٹرار دفاتر کی تعمیر کے کاموں کو تیز کیا جائے اورمحکمہ اسٹامپس اینڈرجسٹریشن کو بدعنوانیوں سے پاک بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی وزیر مال مسٹر پی ۔ سرینواس ریڈی نے آج اپنے محکمہ کے عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ ہدایات جاری کی۔ انہوں نے محکمہ کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ محکمہ جاتی تبادلوں میں شفافیت کو یقینی بنائیں ۔ ریاستی وزیر مال نے جائزہ اجلاس کے دوران حکومت کے فیصلہ کے مطابق ریاست میں اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ اور اسے بازار کی قیمت کے موافق بنانے کے اقدامات کے متعلق اقدامات کے دوران متوسط طبقہ کے عوام پر اضافی بوجھ عائد نہ کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے منفی اثرات نہیں ہونے چاہئے ۔ اس اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری محکمہ مال مسٹر نوین متل ‘ آئی جی اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن مسٹر جیوتی بدھا پرکاش کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتراضلاع میں اراضیات کی قیمتوں کا از سر نو جائزہ لیتے ہوئے اسے بازار کی قیمت کے مطابق کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس کے لئے محکمہ مال کے عہدیدارو ںکو جامع رپورٹ تیار کرنے کے بعد سائنسی طریقہ کار اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ تمام علاقوں کا باریکی سے جائزہ لینے کے بعد اراضیات کی سرکاری قیمتوں اور بازاری قیمتوں میں پائے جانے والے فرق کی نشاندہی کریں اور کتنے فیصد اضافہ کی گنجائش موجود ہے اس کے متعلق بھی تفصیلات فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔انہو ںنے بتایا کہ اراضیات کی قیمتوں پر نظرثانی کے سلسلہ میں جاری مشق کے دوران کسی بھی طرح کی خامی نہ رکھی جائے تاکہ اس پر کسی بھی طرح کی تنقیدوں کا حکومت کو سامنا نہ کرنا پڑے۔ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ گذشتہ حکومت میں جس طرح سے اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کیاگیاتھا اس طرح سے من مانی فیصلہ سے اجتناب کیا جائے اور عوامی مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے اس عمل کو مکمل کیا جائے۔ انہو ںنے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں اراضیات کے تحفظ اور ان کے رجسٹریشن کے قوانین میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کو واقف کروائیں تاکہ ریاستی حکومت ان قوانین کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بناسکے۔اس جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے ریاست کے تمام اضلاع میں مستقل سب رجسٹرار دفاتر کی تعمیر کے سلسلہ میں حکومت کے فیصلہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے مطابق تعمیرات کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔3