عوام چوکس رہیں ‘ ماسک کے عدم استعمال چالان کا آغاز

   

سوشیل میڈیا پر رسید گشت کرنے لگی ۔ بلدی حکام کی جانب سے چالان کی توثیق

حیدرآباد۔شہرمیں ماسک کے عدم استعمال پر چالان شروع ہوگئے ہیں ۔ آج سوشل میڈیا پر ماسک کے بغیر گھومنے والے ایک شخص کو بلدیہ کی جانب سے چالان کی رسید نے شہریوں میں خوف پیداکردیا ہے ۔ دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں ماسک کے لزوم کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ماسک کے بغیرگھر سے نکلنے والے شخص کو پہلے چالان کی رسید سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے ۔ ماسک استعمال نہ کرنے پر ایک شخص کو 2000 روپئے چالان کیا گیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ بلدی اور پولیس عہدیداروں کی جانب سے بھی ماسک کے عدم استعمال کی صورت میں چالان کی گنجائش رہے گی اور چالان سے قبل پولیس یا بلدی عہدیدارو ںکی جانب سے تصویری ثبوت حاصل کیا جائیگا۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاست میں تحدیدات عائد اور ماسک کے لزوم کے بعد حکام کو چوکس کردیا گیا ہے ۔بلدی عہدیداروں نے سوشل میڈیاپر رسید کے درست ہونے کی توثیق کی اور کہا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں ماسک کے عدم استعمال کی صورت میں 2000 روپئے تک چالان کیا جائیگا اور سماجی فاصلہ کا خیال نہ رکھنے کے علاوہ سڑکوں پر تھوکنے یا کورونا کو پھیلنے سے روکنے رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی پر 1000 روپئے تک کے چالان کی گنجائش ہے۔جی ایچ ایم سی کے علاوہ پولیس عہدیدارو ںکی جانب سے چالان کی ادائیگی کیلئے کوئی مہلت نہیں دی جائے گی بلکہ فوری ادائیگی لازمی ہوگی علاوہ ازیں چالان ادا نہ کرنے والوں کو وباء کو روکنے ہنگامی قوانین کے تحت جیل بھیجا جاسکتا ہے۔ حکومت نے جی او ایم ایس 68اور 69جاری کرکے نئی تحدیدات علاوہ ماسک کے لزوم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان احکامات پر عمل آوری کو سختی سے نافذ کرنے اقدامات کے تحت عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ جن لوگو ںکی جانب سے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ان پر بھاری جرمانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ہولی کے موقع پر امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 1000 روپئے کے کئی چالانات کئے گئے ہیں اور چالان کی رقم فوری وصول کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔