کانگریس قائدین دہلی کے، بی جے پی قائدین گجرات کے غلام ،ہم تلنگانہ عوام کو جوابدہ
حیدرآباد ۔ 4 اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ ہم تلنگانہ کے عزت دار سیوک ہیں۔ دہلی اور گجرات کے غلام نہیں ہے۔ وزیر اعظم مودی ہوائی موٹر میں آئے اور ہوائی باتیں کرکے چلے گئے۔ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی مگر عوام جھوٹوں کی باتوں پر ہرگز بھروسہ نہیں کرتے بلکہ بی آر ایس کو تیسری مرتبہ کامیاب بنائیں گے۔ ضلع نرمل میں کروڑہا روپے کے ترقیاتی و تعمیری کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی والوں کے پاس پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے۔ عوام دونوں جماعتوں سے پیسے لیں مگر ووٹ بی آر ایس کو دیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ہم کسی سے ڈرتے نہیں ہے اور نہ ہی کسی کی بی ٹیم ہیں، ہم صرف تلنگانہ عوام کو جوابدہ ہیں۔ تلنگانہ کی ٹیم کسی کی بی ٹیم نہیں ہوسکتی۔ کانگریس کے قائدین دہلی سے ڈرتے ہیں اور دہلی کی غلامی کرتے ہیں جبکہ بی جے پی کے قائدین گجراتیوں سے ڈرتے ہیں اور گجرات کی غلامی کرتے ہیں۔ تلنگانہ کے عوام ہی بی آر ایس کا ہائی کمان ہیں۔ دہلی اور گجرات سے تلنگانہ پہنچ کر ہمارے بارے میں بکواس کرنے والے قائدین کو عوام سبق سکھائیں۔ پٹرول، ڈیزل اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھانے والے بھگوان کیسے ہوسکتے ہیں یا ریتو بندھو، ریتو بیمہ، شادی مبارک، کلیان لکشمی، کے سی آر کٹس، اروگیہ لکشمی جیسی اسکیمات فراہم کرنے والے بھگوان ہوسکتے ہیں عوام غور کریں۔ دلت بندھو جیسی اسکیم سارے ملک میں کہیں بھی نہیں ہے۔ ایسی فلاحی اسکیمات دل رکھنے والے چیف منسٹر کے سی آر ہی فراہم کرسکتے ہیں۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست کی سیر و تفریح کیلئے آنے والے سیاح قائدین کی باتوں پر توجہ نہ دیں اور نہ بھروسہ کریں کیونکہ انتخابات کے بعد یہ قائدین تلنگانہ کے عوام کو کبھی دستیاب نہیں ہوں گے مگر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر اور تلنگانہ کے وزراء اور بی آر ایس کے ارکان اسمبلی عوام کو ہمیشہ دستیاب رہیں گے۔ ن