ججس کو اپنے اُصولوں پر مضبوطی سے قائم رہنا اور بے خوف فیصلے کرنا ضروری
نئی دہلی : سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ عدلیہ پر عوام کا بھروسہ ہی عدلیہ کی عظیم طاقت ہے۔ ججوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اُصولوں پر مضبوطی سے قائم رہیں اور بے خوف ہوکر اپنے فیصلے سنائیں۔ کسی کے دباؤ میں نہ آئیں اور نہ کسی کی بات سنیں۔ جسٹس رمنا کے تبصرے اس تناظر میں اہمیت رکھتے ہیں کہ حال ہی میں چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے جسٹس رمنا کے خلاف الزامات عائد کئے تھے۔ سپریم کورٹ کے سابق جج اے آر لکشمنن کے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس رمنا نے کہا کہ بھروسہ اور قبولیت پر کسی کا حکم نہیں چل سکتا۔ ججس کو یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ عوام کا بھروسہ ہی عدلیہ کیلئے اہم ہے۔ اچھی زندگی ، صبر و تحمل ، اخلاص کیساتھ زندگی گزارنا ہر شخص کیلئے ضروری ہے۔ ہر شخص کو اپنا کام اعلیٰ اقدار کے ساتھ انجام دینا چاہئے۔ خاص کر جج کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے فیصلے بے خوف و خطر دیا کرے۔ ایک بہترین جج کا اولین معیار یہی ہے کہ وہ کسی کے دباؤ میں نہ آئے۔
