عوام کا وائرس ٹسٹ کروانے سے گریز،سماجی بائیکاٹ و مکانات خالی کروانے کا ڈر

   

حیدرآباد : کوویڈ ۔ 19 پازیٹیو ہونے پر سماج میں ہونے والی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کوویڈ 19 ٹسٹ کرانے سے گریز کررہے ہیں اور نتیجہ میں جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ کیوں کہ بعض لوگ سماجی بائیکاٹ یا پھر کرایہ کے مکانوں سے خالی کروانے کے خوف سے پوشیدہ رکھ رہے ہیں۔ بعض لوگ ٹسٹ کروانے سے احتراز کررہے ہیں۔ سرور نگر کا رہنے والا 35 سالہ شخص جس کو بخار، زکام اور کھانسی تھی مگر اس نے ٹسٹ نہیں کروایا جب صحت بہت زیادہ بگڑ گئی تو گاندھی ہاسپٹل لے گئے جہاں کہا گیا کہ کوویڈ ٹسٹ پازیٹیو کی رپورٹ دکھانے پر ہی دواخانہ میں شریک کیا جائے گا۔ دیگر دواخانوں سے رجوع کیا گیا تو انھیں بیڈس کی جگہ دستیاب نہ ہونے پر پھر گھر واپس لانے کے نتیجہ میں وہ شخص اس رات فوت ہوگیا۔ ایک اور واقعہ رام نگر میں بھی ایک خاتون کی لاپرواہی اور مکان خالی کروانے کے خوف سے ٹسٹ نہیں کرایا تو اس کا مرض شدید ہوگیا آخرکار اس کو خانگی دواخانہ میں شریک کیا گیا۔ عوام میں خوف ہے کہ پازیٹیو آنے پر سماجی مقاطعہ ہوگا اس خوف کی وجہ سے عوام ٹسٹ کروانے سے گریز کررہے ہیں۔ ان حالات میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں موجود خوف کو ختم کرنے کے اقدامات کرے اور عوام کی جانوں کی حفاظت کرے۔