عوام کورونا سے پریشان، کے سی آر کو قرضوں کی فکر: بھٹی وکرمارکا

   

حیدرآباد: سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک طرف عوام کورونا وائرس سے پریشان ہیں تو دوسری طرف چیف منسٹر مزید قرض حاصل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کو مقروض ریاست میں تبدیل کردیا ہے ۔ 2023 انتخابات تک ریاست کا قرص 6 لاکھ کروڑ تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت اس قدر بھاری قرض کی پابجائی کس طرح کرے گی۔ ریاست کا موجودہ قرض تین لاکھ کروڑ تک پہنچ چکا ہے اور سالانہ 40 ہزار کروڑ قرض کی واپسی کرنی ہے۔ قرض کا بوجھ 6 لاکھ کروڑ تک پہنچنے کی صورت میں سالانہ 80 ہزار کروڑ ادا کرنے پڑیں گے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ میں فلاحی اسکیمات کو روک دیا گیا اور پراجکٹس کے نام پر حکومت کو کمیشن حاصل کرنے کی فکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام کورونا سے بدحال ہیں لیکن کے سی آر نئے سکریٹریٹ کی تعمیر اور پراجکٹس کیلئے مزید قرض حاصل کرنے کی فکر کر رہے ہیں۔