عوام کورونا کے ساتھ جینا سیکھ لیں ‘ احتیاط پر خاص توجہ ضروری

,

   

تلنگانہ میں صورتحال لاک ڈاؤن یا نائیٹ کرفیو نافذ کی متقاضی نہیں ۔ وزیر صحت ای راجندر
حیدرآباد :۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاست میں کورونا کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مگر لاک ڈاؤن اور نائیٹ کرفیو نافذ کرنے جیسی صورتحال نہیں ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے حکومت پوری طرح تیار ہے ۔ خانگی و کارپوریٹس ہاسپٹلس حکومت کی مقرر کردہ فیس وصول کریں ۔ کورونا کے علاج کو تجارت میں بنانے کے بجائے انسانی خدمات کے جذبہ سے کام کریں ۔ ریاست میں کورونا کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر آج وزیر صحت نے خانگی ہاسپٹلس انتظامیہ وغیرہ کا جائزہ لیا اور بعد ازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ افواہوں پر ہرگز توجہ نہ دیں ۔ ریاست میں حالت اتنے بھی خراب نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن یا نائیٹ کرفیو کے بارے میں غور کیا جاسکے ۔ لوگ عام زندگی گذارتے ہوئے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کریں ۔ اب عوام کو کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا ۔ پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا ، چھتیس گڑھ ، آندھرا پردیش ، کرناٹک میں کورونا کا قہر جاری ہے ۔ ہر دن ہزاروں افراد تلنگانہ کو آتے ہیں جس کی وجہ سے تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ کیسوں کی تعداد میں یقیناً اضافہ ہورہا ہے ۔ مگر وائرس کے اثرات کم ہیں ۔ اس کے باوجود عوام کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔ صفائی کا خیال رکھیں ۔ سماجی دوری برقرار رکھیں ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ خانگی وکارپوریٹ ہاسپٹلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ عوام سے فیس وصول کریں ۔ قواعد کی خلاف ورزی والے ہاسپٹلس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ خانگی ہاسپٹلس میں 50 فیصد بیڈس ، آئی سی یو ، وینٹی لیٹر پر مشتمل بیڈس تیار رکھنے کی انہیں ہدایت دی گئی ہے ۔ ہاسپٹلس انتظامیہ کی جانب سے ضرورت کے مطابق طبی آلات اور آکسیجن سربراہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ جس پر وہ مثبت ردعمل کا اظہار کرچکے ہیں ۔ ہاسپٹلس میں طبی عملہ کو لازمی طور پر پی پی ای کٹس پہننے کی ہدایت دی ۔ کورونا کے معاملے میں کسی بھی غفلت اور لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر صحت نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا وائرس کنٹرول ہونے تک شادی بیاہ دیگر تقاریب اور جلسہ و جلوس وغیرہ کے اہتمام سے گریز کریں ۔ اپنے آپ کو وبا سے بچانے تمام ممکنہ اقدامات کریں ۔