وزراء سرینواس یادو اور محمود علی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد۔23۔ فروری (سیاست نیوز) ریاستی وزراء سرینواس یادو اور محمد محمود علی نے شہر میں آوارہ کتوں سے نجات اور عوام کو بچاؤ اقدامات سے واقف کرانے کے مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ جی ایچ ایم سی ، ویٹرنری ، ہیلت اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ میئر حیدرآباد وجئے لکشمی اور ڈپٹی میئر سری لتا ریڈی بھی اجلاس میں شریک تھیں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ عوام کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی کثرت سے عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔ سرینواس یادو نے کہا کہ آوارہ کتوں پر قابو پانے کیلئے حکومت ضروری ایکشن پلان تیار کرے گی۔ انہوں نے عنبرپیٹ پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آئندہ ایک ماہ تک آوارہ کتوں کو پکڑنے اور ان کی نسبندی کی مہم چلائی جائے ۔ بستیوں اور کالونیوں میں آوارہ کتوں کو پکڑنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نان ویجیٹیرین کاروباریوں کو سڑک پر ناکارہ اشیاء پھینکنے سے روکا جائے گا۔ شعبہ صحت و صفائی کی جانب سے مہم چلائی جائے گی ۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری اینمل ہسبنڈری آدر سینا ، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر