حیدرآباد میں آـج برقی اور سیول سپلائیز دفاتر کا گھیراؤ
نیکلس روڈ سے ریالی، احتجاجی لائحہ عمل پر قائدین سے مشاورت
حیدرآباد۔/6 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ عوام کو انصاف ملنے تک کانگریس پارٹی تلنگانہ میں جدوجہد جاری رکھے گی۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کانگریس نے احتجاجی لائحہ عمل کو قطعیت دی ہے۔ ریونت ریڈی نے آج زوم ایپ کے ذریعہ پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں عوامی مسائل پر جدوجہد کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن کونسل جیون ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو، سرینواس کرشنن کے علاوہ پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں اور ضلع کانگریس صدور نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں کے علاوہ برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری تک کانگریس قائدین اور کارکن سڑکوں پر احتجاج منظم کریں گے۔ کسانوں سے دھان کی مکمل خریدی تک کانگریس نے احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں ضلع کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے کلکٹریٹس کے گھیراؤ کا پروگرام کامیاب رہا۔ ضلع کلکٹرس کو عوامی مسائل پر یادداشت حوالے کی گئی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام کو یقین ہوچکا ہے کہ کانگریس پارٹی مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5 عوامی مسائل کی نشاندہی کی گئی جن کا مرکز اور ریاست سے تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ غریب اور متوسط طبقات کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے نتیجہ میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ دونوں حکومتیں عوام کو راحت پہنچانے کے بجائے بوجھ میں اضافہ کررہی ہیں۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز اور ریاست نے دھان کے مسئلہ پر ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کے ذریعہ کسانوں سے دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے جمعرات کو ودیوت سودھا اور سیول سپلائز کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے احتجاجی پروگراموں کے سلسلہ میں عنقریب قائدین سے مشاورت کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ راہول گاندھی جاریہ ماہ کے اواخر میں ورنگل میں جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ کانگریس پارٹی نے کل 7 اپریل کو نیکلس روڈ پر مجسمہ اندرا گاندھی کے پاس سے احتجاج کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ر