عوام کو اہمیت نہ دینے سے بی جے پی کی شکست : سینا

   

Ferty9 Clinic

ممبئی 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے آج کہا کہ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست اس لئے ہوئی کیونکہ اس نے عوام کو اہمیت نہیں دی تھی ۔ شیوسینا نے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کا احساس تھا کہ شہریت ترمیمی قانون کے نتیجہ میں ہندو ووٹر تناسب میں اضافہ ہوگا تاہم جھارکھنڈ میں مزدوروں اور قبائلیوں نے بی جے پی کو مسترد کردیا ہے ۔ جے ایم ایم کی زیر قیادت تین جماعتی اتحاد کو جھارکھنڈ میںا قتدار حاصل ہوا ہے اور بی جے پی کو یہاں شکست ہوگئی ۔ ایک اور ریاست بی جے پی کے ہاتھ سے نکل گئی ہے ۔ جھارکھنڈ میں بی جے پی کو شکست ایسے وقت میں ہوئی ہے جبکہ اسے مہاراشٹرا میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان سامنا میں یہ دعوی کیا ہے ۔ مہاراشٹرا میں شیوسینا ۔ این سی پی اور کانگریس نے اتحادی حکومت تشکیل دی ہے ۔ شیوسینا نے کہا کہ ہریانہ میں بھی کانگریس نے اچھی واپسی کی تھی تاہم بی جے پی نے جے جے پی کو ساتھ لے کر ریاست میں حکومت بنالی ہے حالانکہ انتخابات میں ان جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا تھا ۔