نئی دہلی۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)سابق نائب صدر حامد انصاری نے آج کہا کہ عوام کو اس تعلق سے جاننے کا حق حاصل ہے کہ بالا کوٹ میں فضائی حملوں کے ذریعہ کیا کچھ حاصل کیا گیا اور حکومت کو اس طرح کے سوالات کا جواب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کا ملا جلا ریکارڈ ہے اور اگرچہ اس نے بلند حوصلے کے ساتھ شروعات کی لیکن اپنے وعدے پورے کرنے کے معاملے میں وہ کافی پیچھے رہ گئی۔ حامد انصاری ’’ترنگا ٹی وی‘‘ کو انٹرویو دے رہے تھے۔ کرن تھاپر کے سوال پر انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کام یا کارکردگی کے بجائے بعض موضوعات پر زبانی جمع خرچ میں مگن رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر فضائیہ نے بالا کوٹ حملوں کے دوران F-16 طیارہ کو مار گرایا اور اگر ہندوستانی عوام اس تعلق سے سوال کرتے ہیں تو حکومت کو اس کا جواب دینے میں کوئی عار نہیں ہونا چاہئے۔