عوام کو سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ طرز کے علاج کی فراہمی

   

عادل آباد میں افتتاحی تقریب سے ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا خطاب

عادل آباد : مستقر عادل آباد میں 150 کروڑ روپیوں کے صرفہ سے تعمیر کردہ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں کارپوریٹ طرز کے دواخانوں کا مفت علاج ہوگا۔ یہ بات ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب میں بتائی۔ اس افتتاحی تقریب میں بی جے پی قائدین اور اراکین کی جانب سے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ہریش راؤ نے بی جے پی قائدین پر الزام عائد کیاکہ وہ عوام کو سہولت پہنچانے کے بجائے ریاستی حکومت کی جانب سے غریب پسماندہ پچھڑے ہوئے افراد کو مفت علاج کی سہولت میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر فیناسن و صحت نے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ جن کا تلنگانہ سے تعلق ہے انھیں مستقر عادل آباد میں عرصہ دراز سے بند پڑی ہوئی سمنٹ فیاکٹری کے احیاء پر زور دیا۔ مرکزی حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ ریاست تلنگانہ کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے۔ ریاست کو حاصل ہونے والی رقم 547 کروڑ روپئے آندھراپردیش کو جہاں ایک طرف منتقل کردی گئی وہیں بی آر جی پی اسکیم کے 9000 کروڑ روپئے تلنگانہ ریاست کو مرکزی حکومت ادا کرنے سے قاصر ہے۔ ریاستی حکومت کا ہائی کمان تلنگانہ عوام کو قرار دیتے ہوئے ٹی ہریش راؤ نے کہاکہ عادل آباد کے عوام کو بہتر طبی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ایم آر ائی مشین خریدنے گیارہ کروڑ روپئے منظور کرنے اور سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے سالانہ اخراجات معہ ادویات ڈاکٹرس کے 50 کروڑ روپئے منظور کرنے سے اتفاق کیا۔ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل میں آئی سی یو کا شعبہ 43 بستروں پر مشتمل ہے۔ اس میں 57 بیماریوں کا مفت معائنہ اور علاج کرنے کی سہولت حاصل ہے جبکہ ریاڈیالوجی کے بعد مزید 8 خطرناک بیماریوں کا معائنہ و علاج ہوگا۔ ریاڈیالوجی عمارت کے تعمیری کام کا سنگ بنیاد بھی انجام دیا جو 75 لاکھ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے۔ قبل ازیں ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی اور جوگو رامنا مقامی رکن اسمبلی نے اپنے خطاب میں ضلع کے مختلف مسائل پر ہریش راؤ کی توجہ مبذول کرائی جس سے ہریش راؤ نے اتفاق کیا۔ اس تقریب میں رکن اسمبلی بوتھ راٹھوڑبابو راؤ، مدھول رکن اسمبلی وٹھل ریڈی، خانہ پور رکن اسمبلی شریمتی ریکھا نائک، رکن قانون ساز کونسل ڈنڈے وٹھل، ضلع کلکٹر سکتا پٹنائک، ایڈیشنل کلکٹر رضوان باشاہ شیخ، صدرنشین بلدیہ جوگو ہرمیندر، نائب صدر بلدیہ ظہیر رمضانی کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے۔