کورونا کیسس میں اضافہ باعث تشویش
تمام احتیاطی اقدامات پر عمل کرنے وزیر صحت کی ہدایت
حیدرآباد: عوام غیر ضروری گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور سخت ضرورت کی صورت میں ہی گھر سے باہر قدم رکھیں۔ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے آغاز کے ساتھ ہی جن اصولوں پر عمل کیا گیا تھا ان اصولوں پر عمل کرتے ہوئے تین
TTT
کے فارمولہ کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندرنے بتایا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ کو روکنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ٹسٹنگ (معائنہ )‘ ٹریسنگ(نشاندہی) اور ٹریٹمنٹ(علاج ) پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔انہو ںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں اور پر ہجوم مقامات سے دور رہنے کی کوشش کریں تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے میںمدد حاصل ہو سکے۔ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ تلنگانہ میں مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے وہ اس بات کی اپیل کر رہے ہیں ۔انہو ںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماسک کے لزوم کی پابندی کو یقینی بنائیں اور سینیٹائزر کے استعمال کے ذریعہ صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں تاکہ صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ ایٹالہ راجندر نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ میں مریضوں کی تعداد اورمعائنوں کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق آگہی حاصل کی ۔اجلاس کے دوران ریاستی وزیر صحت نے ریاپڈ اینٹی جین کے علاوہ آر ٹی پی سی آرمعائنوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موبائیل ویانس کے ذریعہ جگہ جگہ کورونا وائرس کے معائنوں کے انتظامات کے علاوہ تمام بستی دواخانوں میں بھی کورونا وائرس کے معائنوں کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جہاں تک ممکن ہوسکے مریضوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے علاج اور قرنطینہ کے اقدامات کئے جائیں علاوہ ازیں کورونا وائرس کے مریضوں کے رابطہ میں آنے والوںکے معائنوں کو بھی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دواخانوں میں بھی بہتر انتظامات کا جائزہ لینے اور بستروں کی تیاری کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔