عوام کو فلاح و بہبود کی فراہمی کیلئے تیزی سے پیش قدمی

   

کاماریڈی مارکٹ کے تاجرین میں اسناد کی تقسیم، مشیر حکومت محمد علی شبیر کا خطاب
کاماریڈی:24؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی شہر کے ڈیلی مارکیٹ میں سوریا ونش آریہ ویشیا کمیونٹی کے 32 تاجرین کو اسناد ات گورنمنٹ ایڈوائزر محمد علی شبیر علی کے ہاتھوں تقسیم عمل میں آئی۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ 23 سال قبل ان مٹن شاپس کی تعمیر میرے وزارت کے دور میں ہوئی تھی تاہم تاحال انہیں الاٹ نہیں کیا جا سکا تھا اب جب یہ معاملہ دوبارہ میرے علم میں لایا گیا تو میں نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور آج ان مراکز کی الاٹمنٹ اسناد کی تقسیم ممکن بنائی جو میرے لئے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 26 ؍جنوری کو حکومت غریب عوام میں نئے راشن کارڈز اور ”رعیتو بھروسہ” اسکیم کے تحت امداد فراہم کرے گی۔ اس کے تحت کسانوں کو صرف قابلِ کاشت زمینوں پر مالی امداد دی جائے گی۔ محمد علی شبیر نے واضح کیا کہ اندراماں ہائوزنگ اسکیم اور راشن کارڈز کی تقسیم ایک مسلسل عمل ہے اور پچھلے کارڈز کی منسوخی سے متعلق خبریں بے بنیاد گمراہ کن قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے فی ایکڑ 12,000 روپئے کی مالی امداد براہ راست ان کے کھاتوں میں منتقل کی جائے گی جو صرف بھومی بھارت میں رجسٹرڈ زمینوں کے لئے دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرام سبھا کے فیصلے ان اسکیم کے نفاذ میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں اور کسی بھی اعتراض کو دس دن کے اندر حل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ عوام کی فلاح و بہبودی حکومت کا اولین فریضہ ہے اور اس سمت میں حکومت گامزن ہے ۔بعد ازاں محمد علی شبیر نے وارڈ نمبر 49 کے ترقی کاموں کا جائزہ لیا اور اسنادات کی تقسیم عمل میں لائی۔ اس موقع پر صدر نشین بلدیہ اندوپریہ ،صدر ضلع کانگریس کمیٹی مسٹر کے سرینواس راؤ، ارکن بلدیہ محمد اسحاق شیر ،راجیشور کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔