سدی پیٹ 7 جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر کے۔ ہیماوتی نے کہا کہ عوام کو محفوظ خوراک فراہم کرنے کے لیے مؤثر نگرانی کی جانی چاہیے۔ کلکٹریٹ کے منی کانفرنس ہال میں ضلع سطحی فوڈ سیفٹی کمیٹی کا اجلاس ضلع کلکٹر کی صدارت میں منعقد ہوا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ بالخصوص اسکولوں میں کام کرنے والے باورچیوں اور آنگن واڑی کارکنوں کو جو چھوٹے بچوں کو خوراک فراہم کرتے ہیں، مرحلہ وار تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے اسکولوں میں مڈ ڈے میل فراہم کرنے والوں اور طلبہ کے لیے بیداری اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔ ضلع بھر کے ہوٹلوں، ریستورانوں اور دیگر خوراک کے کاروبار کرنے والوں کو لازمی اجازت نامے حاصل کر کے قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے عوام کو معیاری خوراک فراہم کرنے کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی۔معائنوں کے دوران دودھ، تیل اور دیگر ضروری اشیائے خورد و نوش کی لازمی اور باریک بینی سے جانچ کر کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کے احکامات دیے گئے۔ اس اجلاس میں ضلع ایڈیشنل کلکٹر عبدالحامد، ہسن آباد آر ٹی او رام مورتی، ضلع صحت افسر پی۔ امرت شری، ضلع تعلیمی افسر سرینواس ریڈی، ضلع طبی و صحت افسر ڈاکٹر دھن راج، ضلع پنچایت افسر رویندر، فوڈ سیفٹی افسر جے رام اور ضلع فلاح و بہبود افسر سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
