عادل آباد میں واٹر ٹینک کی افتتاحی تقریب سے رکن اسمبلی جوگورامنا کا خطاب
عادل آباد : مستقر عادل آباد کے فلٹربیڈ میں مشین بھاگیرتا کا پانی محفوظ کرنے کی غرض سے امرت اسکیم کے تحت 98 کروڑ روپیوں کے صرفہ سے تعمیر کردہ واٹرٹینک ’’ٹرایل رن‘‘ کی افتتاحی رسم انجام دینے کے بعد عادل آباد رکن اسمبلی نے میڈیا سے مخاطب ہوکر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے خدمات کی جہاں ایک طرف بھرپور ستائش کی وہیں دوسری طرف عادل آباد کے عوام کو مزید آئندہ 27 سال تک پینے کا صاف و شفاف پانی حاصل ہونے کا تیقن دیا۔ 20 لاکھ لیٹر پانی محفوظ رکھنے والے اس واٹرٹینک کے ذریعہ عادل آباد بلدیہ کے قدیم 36 وارڈز کے افراد کو فی کس 35 لیٹر پینے کا پانی فراہم ہوگا۔ مرکزی حیثیت رکھنے والے اس واٹرٹینک کے ذریعہ بلدی حدود کے 36 وارڈز میں تعمیر کردہ 11 عدد پانی کے ٹینک کوپانی فراہم کیا جائے گا۔ مسٹر جوگورامنا نے کہا کہ چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی کے پیش نظر عادل آباد میں چھ سال کے دوران کروڑوں روپیوں کے صرفہ سے تعمیراتی کام کا سلسلہ جاری ہے۔ بعدازاں مسٹر جوگورامنا نے وارڈ نمبر 29 جو نائب صدرنشین بلدیہ مسٹر ظہیر رمضانی کا وارڈ تصور کیا جاتا ہے جہاں ایک کمیونٹی ہال تعمیر کی غرض سے بھومی پوجا کی رسم انجام دی جبکہ اس سے منسلک شاہراہ کو بی ٹی روڈ ایک کرو ڑ85 لاکھ روپیوں سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر مقامی افراد نے مسٹر ظہر رمضانی کی برسوں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے جدید تعمیر کئے جانے والا کمیونٹی ہال کا نام ظہیر رمضانی سے منسوب کرنے کا مطالبہ مسٹر جوگورامنا نے کیا۔ ان تمام تقاریب میں صدرنشین بلدیہ مسٹر جوگوپرمیندر، نائب صدر بلدیہ ظہیررمضانی، بلدیہ کونسلرز، بلدیہ عہدیداروں کے علاوہ کمشنر بلدیہ شریمتی شیلجہ بھی موجود تھی۔