حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ عوام کو سالِ نو کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2024 تلنگانہ عوام کی زندگی میں انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران پارٹی قائدین سیاسی دوستوں اور بہی خواہوں سے جو حوصلہ افزائی ملی ہے وہ تاحیات فراموش نہیں کرپائیں گے۔ ایک سال کے دوران کئی اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور میری سیاسی زندگی میں یہ تبدیلی کا سال ثابت ہوا ہے۔ قانون ساز ادارہ میں قدم رکھنے کے علاوہ پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری میرے لئے خوش قسمتی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کیریئر میں وہ ان تبدیلیوں اور ترقی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی، پردیش کانگریس کمیٹی کے قائدین اور کیڈر کی جانب سے مکمل تعاون حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024کے دوران تلنگانہ حکومت نے ترقی اور فلاح و بہبود کے شعبہ میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ 2025 میں ترقی اور فلاح و بہبود کا تسلسل جاری رہے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ 1