ناگرجنا ساگر سے زیادہ کیچڑ کی وجہ سے رنگ تبدیل ہونے کا عذر ۔ واٹر ورکس کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد/31اگسٹ، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کو پانی کی سربراہی میں اہم رول ادا کرنے والے کرشنا آبی وسائل کے تعلق سے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے چوکسی اختیار کرلی ہے ۔گزشتہ ایک ہفتہ سے ’ گدلا پانی ‘ آنے عوام کی شکایات ہیں۔ اس کے پیش نظر منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو واٹر سپلائی سیوریج بورڈ دانا کشور نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کرشنا میں بڑے پیمانے پر پانی کا بہاو آیا ہے اور ناگرجنا ساگر سے شہر کو جو پانی سربراہ کیا جاتا ہے اس میں کیچڑ کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے پانی کا رنگ سرخ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پانی کو عام ضروریات کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ علاوہ ازیں اس پانی کو گرم کرکے پینا مناسب رہے گا۔ عہدیداروں نے عوام سے صاف پانی کے بجائے گدلا پانی آنے پر اس کو گرم کرکے پینے کا مشورہ دیا۔ عہدیداروں نے عوام سے اگر صاف پانی کے بجائے رنگ کا پانی نلوں کے ذریعہ آنے پر اس پانی کو گرم کرکے پینے کا مشورہ دیا۔ عہدیداروں کے مطابق اکم پلی ذخیرہ آب سے گریٹر حیدرآباد کو تین مرحلوں میں ہر روز270 ایم حی ڈی پانی سربراہ کیا جارہا ہے اور پانی کو مکمل طور پر صاف کرکے سربراہ کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کوالٹی اشورنس اینڈ ٹسٹنگ ڈپارٹمنٹ ( شعبہ ) شہر کے تمام او اینڈ ایم ڈیویژنوں میں پینے کے پانی کے نمونے حاصل کرکے صاف پانی سربراہ کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق تمام تر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں اور پینے کے پانی کے معیار کا تحفظ کرنے کیلئے موثر و ممکنہ کوشش کی جارہی ہے۔