کریم نگرمیں منعقدہ پروگرام سے رکن پارلیمنٹ سنجے کمار کا خطاب
کریم نگر۔/18ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن پارلیمنٹ کریم نگر بی سنجے کمار نے سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور ایم آئی ایم پارٹی کے پاس تلنگانہ کیلئے جدوجہد کرنے والے اور اپنی جانوں کی قربانی دینے والے جانبازوں کی کوئی قدرنہیں ہے اور وہ تلنگانہ کے دھوکہ بازوں میں بدل چکے ہیں۔وہ تلنگانہ یوم آزادی کے سلسلہ میں مستقر جیوتی نگر شاستری روڈ پر منعقدہ پروگراموں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کے قیام سے قبل جدوجہد کے دوران ایک اعلان کیا اور تلنگانہ کے حصول کے بعد دوسرا اعلان کردیا اور وہ اپنے وعدے سے مکر گئے۔ اس طرح تلنگانہ کی عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے شہیدوں کی تاریخ سے آج کے نوجوانوں کو واقف کروانے کیلئے 17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ کا اہتمام کیا جاتا ہے تو کے سی آر کو کیا پریشانی ہے انہیں کسی قسم کا کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔ حالانکہ سرکاری طور پر حکومت کی جانب سے منائے جانے کی ضرورت ہے لیکن کے سی آر آمریت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ بی سنجے نے اعلان کیا کہ ریاست میں بی جے پی کا اقتدار آجانے پر یوم آزادی تلنگانہ تقریب سرکاری طور پر منعقد کی جائے گی۔ ضلع صدر بی جے پی ستیہ نارائنا نے کہا کہ مجاہدین کی قربانیوں کو نظرانداز کردینے والے کے سی آر اب دوبارہ بادشاہی طرز پر حکومت چلارہے ہیں۔ اس پروگرام میں ٹی سرینواس گوڑ ، ڈی سرینواس، رمنا ریڈی، رمیش، مہیندر ریڈی، نرہری، لکشما ریڈی، رام کرشنا اور دیگر موجود تھے۔