عوام کی برہمی ۔ ٹی آر ایس کارپوریٹر کی پٹائی

   

حیدرآباد : موسلادھار بارش کے نتیجہ میں دونوں شہروں کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور ان کے مکانات میں پانی داخل ہونے اور نقصان کے باوجود انہیں بروقت مدد نہ ملنے پر عوام برہم ہیں ۔ ایک تازہ واقعہ میں حیات نگر کے ٹی آر ایس کارپوریٹر ایس ترمل ریڈی کو مقامی عوام نے زدوکوب کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کارپوریٹر علاقہ کے رنگا نائیک نگر میں آج دورہ کررہے تھے جہاں عوام نے ان کا گھیراؤ کرلیا اور زدوکوب کیا ۔ عوام کے شدید ردعمل سے کارپوریٹر حواس باختہ ہوگیا اور بچ نکلنے کی کوشش کی ۔ لیکن عوام نے گیٹ بند کردی ۔ عوام کا الزام ہے کہ رنگا نائیک نگر میں ایک نالے پر غیرمجاز تعمیرات پر کارپوریٹر سے نمائندگی پر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس سے بارش کا پانی ان کے مکانوں میں داخل ہوگیا اور انہیں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ کارپوریٹر نے مقامی عوام کو اطمینان دلانے کی کوشش کی لیکن عوام بالخصوص خواتین کارپوریٹر کی ایک نہ سنتے ہوئے انہیں زدوکوب کیا ۔ واضح رہے کہ چند دن قبل ٹی آر ایس اوپل رکن اسمبلی ایم کرشنا راؤ کو علاقہ کے معائنے کے دوران برہمی کا سامنا کرنا پڑا اور خواتین نے گالی گلوچ کی تھی ۔ جس کے بعد وہ وہاں سے چلے جانے پر مجبور ہوگئے تھے ۔