کے ٹی آر کی اپیل،تعلیم کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں، یوم تعلیم تقریب سے خطاب
حیدرآباد: 20 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقیاتی اور فلاحی سرگرمیوں میں مصروف بی آر ایس حکومت کو دوبارہ منتخب کرتے ہوئے ریاست کی بھلائی میں فیصلہ کریں۔ تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کے تحت یوم تعلیم تقریب میں کے ٹی راما رائو نے شرکت کی۔ سرسلہ ضلع میں منعقدہ مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما رائو نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے گزشتہ 9 برسوں کے دوران فلاحی اسکیمات کے تسلسل کو جاری رکھا ہے۔ عوام کی بھلائی کے لیے کے سی آر حکومت کا دوبارہ برسر اقتدار آنا ضروری ہے۔ کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی حکومت کو دوبارہ کامیابی سے ہمکنار کریں۔ کے ٹی آر نے سرسلہ کے یلاریڈی پیٹ میں یوم تعلیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں انہوں نے سرسلہ ضلع کی ترقی کے لیے کئی اقدامات کئے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اگر آپ کی دعا رہی تو میں دوبارہ رکن اسمبلی منتخب ہوں گا اور آپ کے حق میں دوبارہ سرگرم ہوجائوں گا۔ ریاست میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے حکومت کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اسکولوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لیے خطیر رقم منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ طلبہ کو معیاری تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے طلبہ دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔ امریکہ اور برطانیہ میں جہاں کہیں میں نے دورہ کیا وہاں تلنگانہ کے طلبہ سے ملاقات ہوئی اور وہ ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ تلنگانہ کے دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ امریکہ میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بہتر تعلیم کی فراہمی کے سبب وہ اس مقام تک پہنچے۔ معذورین سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اگر حکمراں کا دل وسیع ہو تو عوام کی بھلائی ممکن ہے۔ کے ٹی آر نے معذورین کے ماہانہ پنشن میں ایک ہزار روپئے کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے معذورین کو تیقن دیا کہ ان کے دیگر مسائل عنقریب حل کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے 30 فیصد پولیوشن الائونس کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں سرکاری اسکولوں سے طلبہ دور تھے لیکن کے سی آر حکومت نے منابڈی پروگرام کے ذریعہ طلبہ کو اسکولوں سے قریب کیا ہے۔ر