بھونگیر میں مارکٹ کے معائنہ کے موقع پر رکن اسمبلی انیل کمار ریڈی کی صحافیوں سے بات چیت
بھونگیر /20 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھونگیر رکن اسمبلی انیل کمارریڈی نے آج بھونگیر شہر میں انٹیگریٹیڈ مارکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ بعد ازاں ایم ایل اے کیمپ آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھونگیر اسمبلی حلقے کی جامع ترقی کیلئے کوئی کسرباقی نہیں رکھی جارہی ہے۔ بھونگیر اسمبلی حلقے میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے ریاستی وزراء اور چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے فنڈز کی اجرائی کیلئے نمائندگیاں کی گئی ہے۔اور جلد ہی فنڈز کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سستی شہرت کیلئے کانگریس حکومت پر الزام عائد کررہے ہیں ۔ لیکن اس کے برعکس کانگریس حکومت ترقیاتی کاموں پر توجہہ مرکوز کرتے ہوئے موسی ندی کی صاف صفائی اور بھونگیر اسمبلی حلقے میں زیرالتواء آبپاشی پراجکٹوں کی تعمیر اور مرمتی کاموں پر توجہہ دے رہے ہی ہے۔ تاکہ ان پراجکٹوں کے ذریعہ بھونگیر اسمبلی حلقے کو سرسبزوشاداب بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پلائے پلی نہر،دھرما ریڈی نہر کے مرمتی کاموں کی انجام دہی کے ذریعہ زرعی شعبہ کو تقویت دی جائے گی۔ ان پراجکٹوں کے مرمتی کاموں کیلئے متعلقہ وزراء سے نمائندگی کی گئی ہے۔ اور فنڈز کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس ماہ سے کانگریس حکومت اقتدار میں آنے کے بعد ریونت ریڈی کی قیادت میں عوامی حکومت چلائی جارہی ہے۔ جو صرف عوام کی ترقی وفلاح بہبودی اور ریاست کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے۔ جو اپوزیشن جماعتوں کو ہضم نہیں ہورہا ہے۔ اور الزام تراشی کے ذریعہ حکومت کوبدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر اسمبلی حلقے میں برقی مسائل کی یکسوئی اور بلاخلل برقی سربراہی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہے۔ جدید سب اسٹیشن کی تنصیب کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس کے ذریعہ برقی مسائل کی یکسوئی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر شہر میں انٹگریٹیڈ مارکٹ کا آئندہ تین ماہ میں افتتاح عمل میں آئے گا۔ جس میں زیرالتواء کاموں کی جنگی خطوط پر انجام دہی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالہ بی آر ایس حکومت میں صرف سنگ بنیاد تک ہی ترقیاتی کاموں کو محدود رکھا گیا۔ تاہم ان زیر التواء ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہے۔ اس موقع پر کانگریسی قائدین پرمود کمار، پوتم شیٹی وینکٹیش، بی جہانگیر، صلاح الدین، اویس چشتی،مظہر،اعجاز، جلیل، اظہر، سمیر، افروز اور دیگرموجود تھے۔