کوڑنگل کے بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت، علاقے کو نظر انداز کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی ترقی اور حقیقی خوشحالی صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے۔ گذشتہ 9 برسوں کے دوران بی آر ایس حکومت نے عوام کو وعدوں کی عدم تکمیل کے ذریعہ دھوکہ دیا ہے۔ ریونت ریڈی آج کوڑنگل سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ کوڑنگل کے بی آر ایس قائدین اپنے حامیوں کے ساتھ ریونت ریڈی کی قیامگاہ پہنچے اور کانگریس میں شمولیت کے فیصلہ سے واقف کرایا۔ ریونت ریڈی نے تیقن دیا کہ کوڑنگل کی ترقی کیلئے کانگریس حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے کوڑنگل کو ترقی کیلئے اختیار کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ، کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم کو نظرانداز کردیاگیا۔ دو جونیر کالجس کے قیام کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ وقارآباد تا تانڈور ریلوے لائن کا کام تاحال شروع نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کوڑنگل کی ترقی کے نام پر حلقہ کو دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے دو اضلاع میں ضم کردیا گیا۔ چھوٹے علاقوں کو حکومت نے ریوینیو ڈیویژن کا درجہ دیا ہے لیکن کوڑنگل کو اب تک ریوینیو ڈیویژن نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف کے سی آر، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے اسمبلی حلقہ جات میں ترقی ہورہی ہے، کیا دیگر حلقہ جات کے عوام تلنگانہ کے شہری نہیں ہیں جو انہیں ترقی سے محروم کردیا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کوڑنگل میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 17 ستمبر کو تکو گوڑہ میں کانگریس کے جلسہ عام میں بڑے پیمانے پر شرکت کریں جہاں سونیا گاندھی تلنگانہ عوام کیلئے 5 ضمانتوں کا اعلان کریں گی۔