عوام کی خدمت کیلئے سیاست میں داخلہ کا فیصلہ

   

سنگاریڈی سے مقابلہ کا اعلان، سپریم کورٹ ایڈوکیٹ ایم اے مقیم کا حامیوں سے خطاب

سنگاریڈی 18 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب ایم اے مقیم ایڈوکیٹ سپریم کورٹ و چیرمین منا بن فاونڈیشن نے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ انھوں نے سنگاریڈی میں اپنے حامیوں کے ایک اجلاس سے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ غریب اور ضرورت مند عوام کی مدد کرنے کیلئے منا بن فاونڈیشن قائم کیا گیا ہے اور عرصہ دراز سے فاونڈیشن اپنی سماجی خدمات انجام دے رہا ہے۔ منا بن فاونڈیشن مستقبل میں بھی اپنی سماجی خدمات کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ عوام کی خدمت ان کا نصب العین ہے۔ عوام کے مسائل و مصائب سے وہ بخوبی واقف ہے اور اس کو حل کرنے کے جذبہ سے ہی سیاست میں داخل ہو رہے ہیں۔ عوام کی خدمت سے دلی سکون ملتا ہے۔ غریب عوام کے سینکڑوں کیسوں کی انھوں نے ہائی کورٹ و سپریم کورٹ میں مفت پیروی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کی عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور عوام انھیں بہتر متبادل کے طور دیکھ رہے ہیں۔ ان کے حامیوں اور بہی خواہوں کے اصرار پر انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلہ کیا ہے۔ جناب ایم اے مقیم نے کہا کہ وہ عنقریب سدا سیو پیٹ میں اپنے حامیوں کا اجلاس منعقد کریںگے اور اس کے بعد کسی پارٹی سے یا پھر آزاد امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کا اعلان کریںگے۔ انھوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ انہیں آشیرواد دیں اور انتخابات میں کامیاب کریں۔ اجلاس کو ام ائمن ایڈوکیٹ اور دیگر نے مخاطب کیا۔ اس موقع پر ستیہ یادو’ ایم اے نعمان’ منپلی رمیش’ شنکر نائک’ فہد بن عبد اللہ، پپو چاوش’ الیاس شریف کونسلر سداشیو پیٹ’ اعجاز احمد’ محمد عثمان’ اشوک’ کرشنا مورتی اور شیخ ابوبکر کے علاوہ دیگر قائدین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔