عوام کی خدمت کیلئے پولیس 24 گھنٹے دستیاب

   

جرائم پر قابو پانے میں عوام کا اہم رول، اے سی پی یادگری کا بیان
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) گاندھی نگر ڈیویژن اے سی پی یادگری نے بتایا کہ پولیس 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لئے موجود ہے۔ ہم جرائم پر قابو پانے کے تمام اقدامات کررہے ہیں۔ جرائم پر قابو پانے میں عوام کا بھی اہم رول ہوگا۔ یادگری نے کہا کہ پولیسنگ پالیسی کے ذریعہ عوام کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کررہے ہیں۔ پولیس ویران مقامات اور عوامی مقامات پر مسلسل چیکنگ کرتے ہوئے گشت کو بڑھا دیا ہے اور جرائم پیشہ افراد اور روڈی شیٹرس کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔ حیدرآباد کمشنر سی وی آنند کی ہدایت پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔ پولیس کی مسلسل گشت کی وجہ سے جرائم میں کافی حد تک کمی آئی ہے۔ بس اسٹاپس، ہجومی علاقوں میں سماج دشمن سرگرمیوں کو مکمل طور پر ختم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈیویژن کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں پولیس کی گشت کو بڑھا دیا گیا۔ روڈی شیٹرس اور جرائم پیشہ افراد کی کونسلنگ کرتے ہوئے انہیں عام زندگی گذارنے کی تاکید کی جارہی ہے اور انہیں ملازمت کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ منشیات سے متعلق اے سی پی نے کہا کہ ہم تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف شعور بیداری پروگرامس منعقد کرتے ہوئے طلباء کو آگاہ کررہے ہیں اور منشیات سے ہونے والے نقصانات کے متعلق معلومات فراہم کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ سائبر دھوکہ دیا جارہا ہے جس سے عوام کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ اے سی پی نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی حالات ہونے پر 100 نمبر پر کال کریں۔ پولیس متاثرہ کے پاس 5 سے 10 منٹ میں پہنچ جائے گی۔ سماج میں جرائم پر قابو پانے کے لئے عوام کو بھی پولیس کا ساتھ دینا چاہئے تب ہی جرائم کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ (ش)