کانگریس ترجمان ڈی شراون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔6 جولائی (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے سکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی جیش رنجن کے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا کہ عوام کا شخصی ڈاٹا خانگی کمپنیوں کے حوالے کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی شراون نے کہا کہ عوام کی اجازت کے بغیر شخصی معلومات کو کسی اور کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ اس نے عوام سے متعلق کونسی معلومات حاصل کرلی ہیں۔ کیا اس کے لیے عوام کی اجازت حاصل کی گئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ تلگودیشم پارٹی پر شہریوں کے شخصی معلومات حاصل کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کیا حکومت سکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی جیش رنجن کے خلاف بھی مقدمہ درج کرے گی۔ انہوں نے حکومت سے مانگ کی کہ عوام کی شخصی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے کئے جارہے اقدامات کی وضاحت کرے۔ جیش رنجن نے دستور اور قانون کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔ عوام کی اجازت کے بغیر جیش رنجن کس طرح عوام کی شخصی تفصیلات کو کسی کے حوالے کرسکتے ہیں۔