محبوب نگر میں یوم شہیدان پروگرام، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو کا خطاب
محبوب نگر ۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امن و امان کی برقراری اور عوام کے تحفظ کے لئے محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے جو قربانیاں دی ہیں اس کو یاد رکھنا سماج کے تمام افراد کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو نے آج یوم شہیداں کے ضلع پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ فلیگ ڈے پر مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی برقراری اور عوام کو بلاخوف و خطر زندگی گذارنے کے لئے دہشت گردوں اور غیر سماجی عناصر سے بڑی بہادری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے پولیس عہدیداروں اور جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا جو نذرانہ پیش کیا ہے ہم انہیں سلام کرتے ہیں۔ ایڈیشنل ایس پی راملو نے مخاطب کرتے ہوئے ملک میں اپنی جانوں کی قربانی دینے والے پولیس اہلکاروں کے نام سنائے۔ اس موقع پر ایس پی نے پولیس شہیدوں کے ارکان خاندان کو مومنٹوز پیش کئے۔ ضلع پولیس ہیڈکوارٹر میں واقع پولیس شہیدوں کی یادگار پر ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ، ایس پی وینکٹیشورلو، ایڈیشنل کلکٹر تیجس نندلال پوار، ایڈیشنل ایس پی راملو، فائر آفیسر سدھاکر، ضلع فاریسٹ آفیسر ستیہ نارائنا کے علاوہ شہدا کے ارکان خاندان نے بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ ضلع پولیس ہیڈکوارٹر سے ون ٹاؤن سرکل تک ریالی کا اہتمام کیا گیا اور آنجہانی پر دیسی نائیڈو کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی مہیش، سرینواس، رمنا ریڈی، آدی نارائنا، لکشمن کے علاوہ سرکل و سب انسپکٹران پولیس موجود تھے۔