عوام کے تعاون کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کورونا پر قابو : محمود علی

,

   

لاک ڈاؤن کی پابندی واحد علاج، جوبلی ہلز میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح

حیدرآباد۔/2 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ عوام کے بھرپور تعاون کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کورونا وائرس کی صورتحال قابو میں ہے۔ لاک ڈاؤن، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی اقدامات کے سلسلہ میں عوام نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے جس کے سبب گزشتہ چند دنوں سے کورونا وائرس کے کیسس میں قابل حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ وزیر داخلہ آج حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے شیخ پیٹ علاقہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ مقامی رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ نے ٹی آر ایس کے 20 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا جس میں 100 سے زائد افراد نے حصہ لیا اور خون کا عطیہ دیا۔ جوبلی ہلز میں 7 مختلف مقامات پر بلڈ ڈونیشن کیمپس کے انعقاد کی تجویز ہے جہاں 1000 افراد خون کا عطیہ دے سکتے ہیں۔ جوبلی ہلز میں تاحال 400 افراد نے خون کا عطیہ دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے رکن اسمبلی کی ستائش کی اور کہا کہ گوپی ناتھ ایک فعال اور کارکرد شخصیت ہیں اور عوامی خدمات کا غیر معمولی ریکارڈ رکھتے ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے کارگذار صدر تارک راما راؤ نے اراکین اسمبلی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں ریاست کے بلڈ بینکس میں خون کی کمی دیکھی گئی ہے اور ضرورت مندوں کو خون کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کے ٹی آر نے پارٹی کیڈر کو بلڈ ڈونیشن کیمپس منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ ضرورت مندوں کو خون کی کوئی کمی نہ رہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا وائرس کا ابھی تک کوئی علاج یا ٹیکہ تیار نہیں ہوا ہے لہذا احتیاطی تدابیر کے ذریعہ مرض سے بچا جاسکتا ہے۔ عوام کو چاہیئے کہ وہ گھروں تک محدود رہیں اور انتہائی ضروری کام کے سلسلہ میں باہر نکلیں تو سماجی فاصلہ کو برقرار رکھا جائے بار بار سینٹائزر یا صابن سے ہاتھ صاف کریں، مصافحہ اور معانقہ سے پرہیز کیا جائے۔ کسی بھی مقام پر ہجوم اکٹھا ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دوراندیشی کے نتیجہ میں ریاست میں کورونا کا پھیلاؤ قابو میں ہے۔ چیف منسٹر نے کئی فیصلے ایسے کئے جو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں معاون ثابت ہوئے۔ محکمہ جات ہیلت، پولیس اور بلدیہ کے ملازمین وائرس کے خلاف لڑائی میں دن رات محنت کررہے ہیں ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کی طرح جاریہ ماہ بھی سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول کے ساتھ 1500 روپئے بینک اکاؤنٹ میں جمع کئے جائیں گے۔ جن کے پاس بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں وہ پوسٹ آفس سے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے عوام کی ستائش کی کہ وہ لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر عمل کرتے ہوئے حکام سے تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے پولیس اور دیگر محکمہ جات سے تعاون کی اپیل کی۔