عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کا مقصد

   

گھروں میں زیادہ عبادت کرنے مسلم بھائیوں سے اپیل، ایس پی نرمل پروین کمار کا انٹرویو

نرمل۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت سے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے20 اپریل تا یکم مئی رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے۔ عوام کو چاہیئے کہ کرفیو کی خلاف ورزی نہ کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار نرمل انچارج ضلع ایس پی مسٹر پروین کمار نے پہلی مرتبہ نمائندہ سیاست جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاری احکامات کی روشنی میں رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو رہے گا۔ دوکانات ، بار شاپس، ہوٹلیں ، شاپنگ کامپلکس 8 بجے شام بند کرنا ہوگا جبکہ مریض اپنے علاج کے لئے دواخانہ جاسکتے ہیں۔ کرفیو میں انتہائی ضروری خدمات جیسے فارمیسی، لیابس ، پٹرول بمنکس کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ایسے حالات میں اپنی قیمتی زندگیوں کے تحفظ کی خاطر احتیا ط لازمی ہے۔ بالخصوص بغیر ماسک کے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ اس لئے کہ کورونا کی دوسری لہر سے کئی زندگیاںاجڑ گئی ہیں۔ عوام خوف کے عالم میں زندگی گذاررہے ہیں۔ تاہم ہمیں گھبرانا نہیں چاہیئے بلکہ اس وبا ء کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام تر احتیاطی اقدام پر عمل کریں تو اس وباء سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ سماجی دوری اور ماسک کے استعمال پر خصوصی توجہ ہونی چاہیئے۔ مسٹر پروین کمار ضلع انچارج ایس پی نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے اس مقدس ماہ میں تمام ضلع کے مسلم بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ساتھ ہی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مقدس مہینہ کی عبادتوں کو زیادہ سے زیادہ گھر پر ادا کریں اور رات میں 9 بجے سے قبل نماز تراویح ادا کریں۔ حکومت کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے اور شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامات میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ رات دیر گئے لڑکوں کو سڑکوں پر گھومنے پھرنے سے روکیں کیونکہ رات کے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمات بھی درج کئے جاسکتے ہیں۔ محکمہ پولیس کے تمام عہدیدار رات دیر گئے تک کرفیو کے اوقات کے دوران اس پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ کرفیو کے پہلے دن میں انچارج ضلع ایس پی مسٹر پروین کمار نے شہر نرمل کا دورہ کیا۔