عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کا کلیدی کردار

   

سنگاریڈی میں پولیس شہداء کو خراج کیلئے یادگار تقریب ، کلکٹر و ایس پی کا خطاب
سنگاریڈی21 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع پولیس آفس سنگاریڈی کی جانب سے پولیس فلیگ ڈے کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس پریڈ گراؤنڈ میں ایک یادگار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ضلع ایس پی پریتوش پنکج، آئی پی ایس نے تقریب کی صدارت کی جبکہ ضلع کلکٹر پروینیا، آئی اے ایس مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ایس پی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 اکتوبر 1959 کو لداخ کے علاقے ہاٹ اسپرنگ میں چینی فوج کے حملے میں سی آر پی ایف کے 10 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔ اسی دن کی یاد میں ہر سال ملک بھر میں پولیس شہداء یادگار دن (پولیس فلیگ ڈے) منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’پولیس عہدیدار عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر خدمات انجام دیتے ہیں۔ اس سال ملک بھر میں ڈیوٹی کے دوران 191 پولیس عہدیدار شہید ہوئے، جن میں تلنگانہ کے پانچ جوان شامل ہیں۔‘‘ایس پی نے مزید کہا کہ ماضی میں نکسل اور دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں کئی بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سنگاریڈی ضلع کے چار بہادر پولیس جنگیا (سرگاپور)، یلئیہ (سنگاریڈی ٹاؤن)، ستیہ نارائنا (جنارام) اور سریش (کانگٹی) نے مختلف کارروائیوں کے دوران شہادت پائی ۔ ضلع کلکٹر پروینیا آئی اے ایس نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور انہی کی بدولت آج معاشرہ پُرامن زندگی گزار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہید پولیس عہدیدار کے اہلِ خانہ کو مکمل امداد فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس محکمہ نہ صرف امن و امان برقرار رکھتا ہے بلکہ عوامی خدمت، سائبر جرائم، منشیات کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی رگھونندن راؤ، ڈی ایس پیز سری نواسا راؤ، ستیہ گوڈ، سیدا نائک، پربھاکر، وینکٹ ریڈی، نریندر اور دیگر پولیس عہدیدار اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔