عوام کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کرنا حکومت کا عزم: اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد اور رنگا ریڈی کی ترقی کیلئے جامع منصوبہ ، یوم عوامی حکمرانی تقریب، پرچم کشائی اور پریڈ کی سلامی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عوام کے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ رنگا ریڈی کلکٹریٹ میں یوم عوامی حکومت کے موقع پر اتم کمار ریڈی نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نہ صرف بڑے خواب دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ عوام کے ہر خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 برسوں میں کانگریس حکومت نے بہتر حکمرانی کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ریاست کی مجموعی ترقی کے علاوہ فلاحی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ۔ اقتدار کے محض 48 گھنٹوں میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کا آغاز کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ خود بھی ایک خواب تھا جسے کئی قربانیوں کے ذریعہ 2014 میں حقیقت میں تبدیل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہنچانے میں سنجیدہ ہے اور نظم و نسق کو واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت نے اقتدار کے 24 گھنٹے میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کے وعدہ پر عمل کیا۔ غریبوں کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کی حد کو 10 لاکھ کیا گیا۔ نئے راشن کارڈس جاری کئے گئے جن پرباریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی نے تاحال 33.66 کروڑ زیرو ٹکٹ جاری کئے اور عوام کو 1462 کروڑ کی بچت ہوئی ہے۔ 2.11 لاکھ خاندانوں کو 8.28 لاکھ کے گیس سلینڈرس سربراہ کئے گئے جس کی سبسیڈی 24.79 کروڑ ہے۔ اندراماں ہاؤزنگ کے تحت 17440 مکانات منظور کئے گئے اور استفادہ کنندگان کو 71.89 کروڑ جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری اسکیم کے تحت 70336 مریضوں کا رنگا ریڈی ضلع میں علاج کیا گیا اور سرجری پر 177.86 کروڑ کا خرچ آیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فیوچر سٹی کے لئے 30,000 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ آرٹیفشل انٹلیجنس سٹی ، فارما سٹی ، لائیف سائنسیس ہب اور سوپر سٹیز تعمیر کی جائیں گی۔ مذکورہ پراجکٹ سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ ہائی ٹیک سٹی اور رنگا ریڈی ضلع کی ترقی ہوگی۔ انہوں نے ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کو مربوط کرنے کیلئے 4000 کروڑ کے منصوبہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ حیدرآباد اور فیوچر سٹی کے اطراف بین الاقوامی ادارے قائم کئے جائیں گے ۔ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کا مقصد ندی کو بحال کرنا اور آلودگی کا خاتمہ ہے۔ رنگا ریڈی ضلع معاشی ترقی میں دیگر اضلاع پر سبقت حاصل کئے ہوئے ہے۔ اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ کے انڈین یونین میں اضمام کی جدوجہد کے شہیدوں کو خراج پیش کیا۔ یوم عوامی حکمرانی تقریب میں رنگا ریڈی ضلع کے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔1