عوام کے مسائل کی یکسوئی حکومت کی اولین ترجیح:یوگی

   

گورکھپور: اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ عوام کے مسائل کا تصفیہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی تساہلی یا عدم توجہی گزبرداشت نہیں کی جائیگی۔ گورکھناتھ مندر میں جنتا درشن میں فریادیوں کے مسائل سنتے ہیں چیف منسٹر نے سبھی کو تشفی بخش مسائل کے تصفیہ کا تیقن دیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کسی سے ناانصافی نہ ہونے دینے کمر بستہ ہے ۔ہرکسی کی زندگی میں خوشحال لانے کو پرعزم ہے ۔یوگی نے افسران کو ہدایت دی کہ جو افراد زبردستی کسی کی زمین پر قبضہ کررہے ہوں ان کے خلاف کاروائی کی جائے ۔متعدد افراد بشمول کچھ خواتین جنتا درشن میں زمینی تنازعہ اور مداخلت کی شکایات لے کر آئی تھیں۔انہیں سننے کے بعد چیف منسٹر نے افسران کو ہدایت دی کہ ایسے افراد کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کاروائی کی جائے ۔ انہیں لیڈ مافیا قرار دیا جائے ۔انہوں نے پولیس کو متعلقہ دیگر معاملات میں ایف آئی آر اور کاروائی کی ہدایت دی۔یوگی نے علاج کیلئے آئے افراد کو تیقن دیا کہ پیسے کی کمی سے کسی کا علاج نہیں رکے گا۔انہوں نے کہا وہ ایسے افراد کے علاج کی تجاویز حکومت کو روانہ کریں تاکہ بجٹ جاری کیا جاسکے ۔