نرمل میں عوام کی جانب سے خیرمقدم و تہنیت پیش کرنے پر ریاستی وزیر کا ردعمل
نرمل۔/26 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی جنہیں ہائی کمان نے پھر ایک بار حلقہ اسمبلی نرمل سے بی آر ایس کے امیدوار کی حیثیت سے اعلان کردیا ہے ۔موصوف کے سی آر کی وزارت میں دو مرتبہ وزیر رہے ہیں اب بھی ان کی وزارت میں انہوں نے بہت زیادہ مقبولیت حاصل کرلی ۔ ایک ہفتہ قبل ان کی پھر ایک بار حلقہ اسمبلی نرمل کی حیثیت سے امیدواری کے ساتھ ہی ان کی رہائش گاہ پرمستقر نرمل و دیہی علاقوں کے عوام کی بہت بڑی تعداد پانچ دن سے رات دیر گئے ان کو تہنیت پیش کرنے کیلئے دیکھی جارہی ہے۔ دریں اثناء سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر روز نامہ سیاست سید جلیل ازہر ، ڈاکٹر ایم اے نوید، محمد سلمان خان معاون رکن بلدیہ، محمد شاکر ٹی آر ایس ٹاون صدر رامو، محسن خاں یوتھ لیڈر نے بھی وزیر موصوف کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے دلی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی نے جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عوام ہی میری سیاسی طاقت ہے آج اس قدر بڑی تعداد میں گھر پہنچ کر حلقہ اسمبلی کی عوام نے مجھے مبارکباد پیش کرتے ہوئے جو حوصلہ بڑھایا ہے میں کبھی بھلا نہیں سکتا۔ عوام کی مجھ سے بے پناہ محبت ایک مثال ہے ، میں بھی اس علاقہ کے عوام کی فلاح و بہبود اور اپنے حلقہ کے تمام طبقات کی خوشحالی اور ترقی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔ آج ریاست تلنگانہ میں کے چندر شیکھر راؤ وزیر اعلیٰ کی مستحکم قیادت سے ریاست کا ہر طبقہ مطمئن ہے، آئندہ بھی ریاست کی ترقی کے لئے کئی ایک اسکیمات روشناس کرواتے ہوئے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر محمد سلمان خان معاون رکن بلدیہ نے کہا کہ اے اندرا کرن ریڈی کی اقلیت نواز دوستی اور ہر طبقہ کے عوام میں ان کی مقبولیت اور حسن سلوک کے ساتھ ساتھ نرمل ضلع میں شاندار ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر عوام انہیں تیسری مرتبہ بھی شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔