عورتوں پر نبی اکرمؐ کے بے انتہا احسانات

   

سدی پیٹ میں جلسہ میلاد برائے خواتین ، جامعتہ المومنات کی معلمات کا خطاب

سدی پیٹ /18 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )تحریک گھر گھر درود وسلام کے زیر اہتمام مدینہ فنکشن ہال سدی پیٹ میں منعقدہ جلسہ میلاد النبی ﷺبرائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین پرنسپل وشیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات حیدرآباد نے کہا کہ رسول ﷺ کے خواتین پر بہت احسانات ہیں ،اللہ کے رسول ﷺ نے عورت کو ذلت سے نکال کر عزت ووقار کے منصب پرفائز فرمایا ،لڑکیوں کو زندہ دفن کرنے سے منع کیا ۔ کو میراث کا حقدار قرار دیا، بیواؤں سے نفرت کو دور کروایا۔عورت بازاروں میں جانوروں کی طرح خرید وفروخت ہو تی تھی۔اس کی کو ئی مستقل حیثیت نہیں تھی ۔وہ مرد کے رحم و کرم پر جیتی تھی، اسلام اور رسول عربی ﷺنے اس کی محکو می کے خلاف اتنے زور سے آواز بلند کی کہ ساری دنیا اس سے گونج اٹھی۔عورت کی فطری لطافت اور نزاکت کے پیش نظر اسلام عورت کی آبرو کو بھر پور تحفظ دیتا ہے اسلام عورت کی عفت وعصمت کو دنیا کی قیمتی متاع قرار دیتا ہے اورمردوں کے لئے ہر صورت اس کی عصمت کا تحفظ لازم ہے۔حضرت ابو سعید خدری ؓرسول عربی ﷺسے روایت کر تے ہیں کہ آپ نے فر مایا کہ جس نے تین لڑکیوں کی پر ور ش کی اور ان کے سا تھ حسن سلوک کیا تو اس کے لئے جنت ہے۔ مفتیہ ثوبیہ سحر نے کہا کہ حضور ﷺ کی میلاد منانا باعث رحمت وبرکت ہے ، یہ سنت انبیاء وسنت صحابہ ہے اور اہل اسلام کا طریقہ ہے ۔مفتیہ امرین صدیقہ مؤمناتی نے کہا کہ حضور ﷺ کے اخلاق ہمارے لئے بہترین نمونہ ہیں ۔مفتیہ حافظہ رمصیاء افشین نے کہا کہ حضور ﷺ بچوںپر بے انتہاء مہربان تھے ، آپ کی شفقت ہر آزاد ،غلام ،یتیم سب بچوں کے ساتھ برابر تھی۔ عالمہ عائشہ بیگم نے کہا کہ حضور ﷺ کے تعلیمات کو عام کرنا بے حد ضروری ہے ،انہوں نے لوگوں کو تلقین کی کہ حضور ﷺ پر درود شریف کثرت سے بھیجیں۔ جلسہ کا آغاز عالمہ عرشیہ کوثر کی قرأت ، حمد ونعت رسول ﷺ سے ہوا ۔دعا وسلام پر جلسہ کا اختتام عمل میںلایا گیا۔