عورت نصف انسانیت ، معاشرہ کی تکمیل عورت کے بغیر ممکن نہیں

   

جامعۃ المؤمنات میں خواتین کانفرنس سے مولانا سید نصیر الدین چشتی اجمیر شریف کا خطاب

حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (راست) حضرت مولانا سید نصیر الدین چشتی (جانشین وسجادہ نشین دیوان حضرت خواجہ غریب نوازؒ اجمیر شریف) نے جامعۃ المؤمنات میں خواتین کانفرنس بعنوان’’ عورت اور اسلامی معاشرہ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عورت نصف انسانیت ہے، معاشرہ کی تکمیل عورت کے بغیر ممکن نہیں،ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہے ، اسلام نے عورت کو جومقام ومرتبہ عطا کیا ہے وہ کسی مذہب نے نہیں دیاجس کا اندازہ ہمیں حضور ﷺ کے اس عمل سے ہوتا ہیکہ جب آپ کے پاس فاطمۃ الزہراؓ تشریف لاتیں تو آپ ان کیلئے کھڑے ہوجاتے۔ مولانا سید نصیر الدین چشتی نے جامعۃ المؤمنات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ قابل مبارکباد ہیں ارباب جامعہ جو اپنا سارا وقت دین اسلام کی اشاعت میں صرف کر رہے ہیں۔ حضرت مولانا حبیب الرحمن نیازی (راجستھان) نے کہا کہ زندگی کا کوئی بھی شعبہ عورت کے بغیر ناکام ہے ،آج نوجوان نسل راہ راست سے ہٹ رہی ہے اسی لئے آج کی اس نسل کو سنوارنے اور سجانے کی ذمہ داری عورت پر ہے۔ مولانا محمد منظر الاسلام (بہار )نے کہا کہ ماں ہی ہے جو اپنی اولاد کو جنتی بھی بناتی ہے اور جہنمی بھی ،والدین کے ذمہ داری ہے کہ وہ لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کی تعلیم کی طرف توجہ دیں اور بالخصوص انکی تربیت کا خیال رکھیں ۔ مولانا سید حسنین بقائی (یوپی) نے کہا کہ صحابیا ت کی زندگیوں پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ حضرت خدیجہ الکبریٰ جہاں بہترین تاجرہ تھیں وہیں ایک بہترین ماں بھی ،عائشہ صدیقہؓ فقہیہ اور فاطمۃ الزہرا ؓ ایک ایڈوائزر کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔ مولانا خواجہ شاہ شجاع الدین افتخاری نے کہا کہ دینی تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کا مقام جہاں اعلیٰ ہوجاتا ہے وہیں ان کے والدین کا مقام ومرتبہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ڈاکٹرمفتیہ رضوانہ زرین نے کہا کہ اسلام کی فطری تقسیم کے لحاظ سے بظاہر عورت کی ذمہ داری امور خانہ داری ہے، لیکن اسلام نے اس کو باہر کی دنیا سے کاٹ کر الگ نہیں کیا بلکہ وہ اپنی صلاحیتوں سے معاشرہ کو فائدہ پہچاسکتی ہے۔ ڈاکٹرمفتیہ ناظمہ عزیز نے کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مردو عورت پر فرض ہے،جلسہ کاآغاز حافظہ محمدی زرین رومانہ کی قرأت، مفتیہ تہمینہ تحسین کی نعت شریف، عالمہ شفاء ناز کی منقبت سے ہوا،طالبات جامعۃ المؤمنات قصیدہ بردہ سنانے کی سعادت حاصل کئے۔ ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی وناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات خیر مقدمی کلمات ادا کئے۔ اس کانفرنس میں ڈاکٹر مظفر حسین خاں بندہ نوازی، مولانا سید عبد القادر قادری وحید پاشاہ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ،مولانا غلام صمدانی علی قادری، جناب الحاج محمد معز بابو چودھری، مولانا سیدخضرپاشاہ قادری چشتی مرزائی، مفتی محمد عبد الواسع احمد صوفی، مولانا صوفی عبد القادر ثانی، مولاناریاض اشرفی، جناب سید سمیع اللہ،مفتی عبد الرحیم کے علاوہ جامعہ کے معلمات وطالبات شرکت کئے۔