حیدرآباد۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ آر ٹی سی ہڑتال اور ملازمین کے مسائل کے سلسلہ میں ہائی کورٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ عدالت میں عہدیداروں کے حلف نامے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نارائن ریڈی نے کہا کہ عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدالت کو حقائق سے واقف کرائیں۔ برخلاف اس کے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر سینئر عہدیداروں پر دبائو بنارہے ہیں کہ وہ عدالت کو غلط معلومات فراہم کریں تاکہ آر ٹی سی ملازمین کا مقدمہ کمزور ہوجائے۔ آر ٹی سی کو ہونے والی آمدنی کو مخفی رکھا گیا۔ آر ٹی سی کو خانگیانے کے لیے چیف منسٹر نے تہیہ کرلیا ہے تاکہ ہزاروں کروڑ مالیتی اثاثہ جات کو قریبی افراد میں تقسیم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ حکومت کے اس منصوبے میں اہم روکاوٹ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عہدیداروں کا رویہ اسی طرح برقرار رہا اور عدالت کی جانب سے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جاسکتی ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ عاملہ کو بہتر انداز میں چلانا چیف سکریٹری اور ان کے ماتحت عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہیں چاہئے کہ وہ سیاسی قائدین کے دبائو میں آئے بغیر غیرجانبداری کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ سابق میں اس طرح کی کئی مثالیں موجود ہیں جب سیاستدانوں کے دبائو میں کام کرنے والے عہدیداروں کے خلاف عدالت نے کارروائی کی۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق 31 اکٹوبر کو حقیقی اعداد و شمار عدالت میں پیش کرنا ہے اور یکم نومبر کو سماعت ہوگی۔