عہدیداروں کے تحفظ کے لیے حکومت کے تمام اقدامات:سومیش کمار

   

حیدرآباد،5 ۔ نومبر(سیاست نیوز ) تلنگانہ کے چیف سکریٹری (ریونیو)سومیش کمار نے تمام کلکٹرس کو بھیجے گئے سرکلر میں کہاکہ حکومت،عبداللہ پور میٹ کی خاتون تحصیلدار وجیاریڈی کو بے رحمانہ طورپر زندہ جلادینے کے واقعہ کے سلسلہ میں تمام عہدیداروں اور اسٹاف کے تحفظ کے اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے اس واردات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ غمزدہ خاندان کے ساتھ ان کی ہمدردی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بعض عہدیدار،اسٹاف اور تنظیمیں حکومت سے رجوع ہوئی ہیں۔ہم تمام عہدیداروں کے ساتھ ہیں۔اس مسئلہ کو اولین ترجیح کے طور پرلیاگیاہے ۔اسی دوران تلنگانہ اسٹیٹ آئی اے ایس آفیسرس ایسوسی ایشن نے بھی وجیاریڈی کے اس بیہمانہ قتل کی واردات کی مذمت کی۔اپنے بیان میں ایسوسی ایشن نے کہا ہمیں اس واقعہ پر گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔غمزدہ ارکان خاندان کے ساتھ ہماری تعزیت ہے ۔ہمیں امید ہے کہ اس خاندان کی حکومت کی طرف سے تمام ممکنہ مدد کی جائے گی۔تنظیم نے امید ظاہر کی کہ اس واقعہ کے ذمہ دار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ تمام کو یہ واضح پیام مل سکے کہ سرکاری عہدیداروں پر حملہ نہیں کیاجاسکتا۔اس کے ذریعہ بے خوف ہوکر کام کرنے میں عہدیداروں کو مدد ملے گی۔