عیدالاضحی سے قبل آئمہ و موذنین کے دو ماہ کے بقایا جات کی اجرائی

   

14,79,35,000 کروڑ روپئے جاری، صدرنشین وقف بورڈ
سید عظمت اللہ حسینی کی کامیاب مساعی

حیدرآباد ۔ 15 جون (سیاست نیوز) صدرنشین ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ عیدالاضحی سے قبل آئمہ مؤذنین کے دو ماہ اپریل اور مئی کا اعزازیہ 14,79,35,000 کروڑ روپئے جاری کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے آئمہ و مؤذنین کے اعزازیہ کی اجرائی میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے۔ ریاست میں انتخابی عمل ختم ہونے کے بعد سے ہی وہ آئمہ مؤذنین کے دو ماہ کی اجرائی کیلئے حکومت اور متعلقہ عہدیداروں سے نمائندگی کررہے تھے جس پر حکومت نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ دو ماہ کے بقایا جات جاری کردیئے گئے ہیں۔ سید عظمت اللہ حسینی نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ آئمہ و مؤذنین کی تعداد میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ ان کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کیلئے وقف بورڈ کی جانب سے مسلسل مساعی کی جارہی ہے۔ اس میں بھی انہیں کامیابی حاصل ہوگی اور حکومت سے بھی مثبت ردعمل کا اظہار ہوگا۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ عیدالفطر سے قبل تین ماہ جنوری تا مارچ 2024ء کے بقایا جات جاری کردیئے گئے تھے۔ اپریل میں 14,705 آئمہ و مؤذنین کیلئے اعزازیہ جاری کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ استفادہ کنندگان کی تعداد بڑھ کر 14,882 تک پہنچ گئی ہے جن کیلئے ریاستی حکومت اور وقف بورڈ نے 14,79,35.000 کروڑ روپئے جاری کردیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہاکہ عیدالاضحی کے موقع پر عیدگاہوں میں نمازوں کے اہتمام کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ موسم بارش کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کو قطعیت دی گئی ہے۔2