اضافی قیمتوں کی وجہ سے خریدار وں کا بازارپہونچنے سے گریز ۔ ناتجربہ کار تاجرین قیمتوں میں اضافہ کی وجہ
حیدرآباد26۔جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عیدالاضحی کیلئے بکروں و بڑے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور کئی مقامات پر قربانی کے جانوروں کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔ بکروں اور بڑے جانوروں کے بازار میں ابھی کوئی تیزی ریکارڈ نہیں کی جار ہی ہے کیونکہ بازار میں وافر مقدار میں جانور موجود ہونے کے باوجود قیمتوں میں کوئی کمی نہیں لائی جا رہی ہے ۔قربانی کیلئے جانوروں کی خریدی کرنے بازاروں کا رخ کرنے والوں کی تعداد میں ابھی اضافہ نہ ہونے کے متعلق کہا جار ہاہے شہریوں کی قوت خرید کمزور ہونے سے وہ جانوروں کی قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔ شہر میں بڑے جانور یاقوت پورہ‘ تالاب کٹہ‘ شاہین نگر‘ اسمعیل نگر‘غوث نگر ‘ بندلہ گوڑہ ‘ بارکس کے علاوہ جہاں نما میں موجود ہیں اور جو بڑے جانور شہر میں فروخت کیلئے لائے جا رہے ہیں ان میں تلنگانہ کے اضلاع کے بڑے جانور کے علاوہ اوڈیشہ ‘ مہاراشٹراکے علاوہ مدھیہ پردیش کے جانور شامل ہیں جن کی فروخت تیزی سے جاری ہے لیکن بکروں کی آمد کا سلسلہ گذشتہ شب سے شروع ہوا جو کہ مسلسل جاری ہے اس کے باوجود بکروں کی فروخت میں تیزی ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے کیونکہ بکروں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور خریدار ان میں کمی کا انتظار کر رہے ہیں۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں ٹولی چوکی ‘ بالا پور‘ میلار دیوپلی ‘ جل پلی روڈ‘ بندلہ گوڑہ‘ چندرائن گٹہ ‘ محبوب چوک‘ نامپلی ‘ چنچل گوڑہ ‘ ملک پیٹ کے علاوہ دیگر علاقوں میں بکروں کے مندے پہنچنے لگے ہیں۔ دھنگر جو حکومت سے مفت فراہم بکروں کو پالنے کے بعد بازاروں میں فروخت کیلئے لا رہے ہیں ان سے ناتجربہ کار تاجرین زیادہ قیمتوں میں بکرے خریدکر بازار میں فروخت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عام شہری جو بکروں کی خریدی کیلئے بازار پہنچ رہے ہیں انہیں مہنگے بکرے خریدنے پر مجبور ہونا پڑرہا ہے۔ تاجرین کی جانب سے جانور کی قلت کا خوف پیدا کرکے من مانی قیمتوں میں بکروں کی فروخت کی کوشش کی جار ہی ہے جبکہ تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں بالخصوص راجستھان‘ مہاراشٹرا‘ کرناٹک و دیگر مقامات سے شہر میں فروخت کیلئے آنے والے بکروں کی کئی گاڑیاں شہر کے باہر رکی ہوئی ہیں جو آئندہ 24گھنٹوں میں شہر میں داخل ہوں گی۔ دونوں شہروں میں بکروں کی قیمتوں میں اضافہ کو تجربہ کار تاجرین عارضی قرار دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ بکروں کی خریدی میں عجلت کرنے والوں مہنگے بکرے خریدنے پڑرہے ہیں ۔ دونوں شہروں کے بازاروں میں تلنگانہ پوٹلہ کے علاوہ دنبہ ‘ بکرا ‘ کڑگا اور دیگر نسل کے بکرے دستیاب ہیں۔م