عیدالاضحی کے دنوں میں قربانی سے بڑھکر کوئی فریضہ نہیں

   

جماعت اسلامی ظہیرآباد کے وفد کی اے ڈی او کو تحریری یادداشت پیش
ظہیرآباد ۔ جماعت اسلامی ہند شہر ظہیرآباد کا ایک وفد امیر مقامی محمد ناظم الدین غوری کی قیادت میں دفتر ریونیو ڈیویژن ظہیرآباد میں ڈیویژنل اڈمنسٹریٹیو آفیسر محمد منیرالدین سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ چند دنوں میں مسلمانوں کی ایک اہم عید الاضحی ( بقرعید) منائی جائے گی ۔ ہم ڈیویژن کے تمام عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیںاور کچھ اہم امور کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہیں ۔ عیدالاضحی کے دنوں میں قربانی سب سے اہم فریضہ ہے اس کا کوئی متبادل نہیں ہے قربانی کے جانوروں کی خریدی اور حمل و نقل میں مسلم برادری کے ساتھ تعاون کریں گذشتہ کی طرح بڑے جانوروں کی بھی اجازت دیں ۔ جس سے کسانوں ، قریشیوں و دیگر کاروباریوں کو بھی فائدہ ہوسکے ۔ مسلم کمیونٹی حفاظت کے تمام ضوابط ، صحت اور حفظان صحت سے متعلق صاف صفائی سوشیل ڈسٹنس پر سختی سے عمل کرے گی ۔ فاصلاتی اصول ، ماسک کا استعمال اور دیگر احکامات کی پابندی کرتے ہوئے نماز بھی ادا کی جائے گی اور قربانی بھی کی جائے گی ۔ اس موقع پر وفد میں شامل جماعت اسلامی کے ذمہ داران نے اڈمنسٹریٹیو آفیسر سے مختلف موضوعات پر گفتگو کی ۔ انہوں نے تیقن دیا ۔ محکمہ پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آفس میں بھی یادداشت پیش کی گئی ۔ انہوں نے وفد کو باور کرایا کہ وہ اس وبائی بیماری کی روک تھام میں عوامی بیداری کی ضرورت ظاہر کی اور جماعت سے تعاقن کی اپیل کی اور کہا کہ وہ ایسے حالات میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ۔ اس موقع پر وفد میں معاون امیر مقامی محمد معین الدین ، سکریٹری رابطہ عامہ محمد نصیرالدین ، صدر ایم پی جے محمد ایوب احمد اور عبدالستار موجود تھے ۔