قانون پر عمل آوری کے لیے چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو ہدایت
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر ذبیحہ گاؤ کو روکنے کیلئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ۔ یوگا تلسی فاؤنڈیشن کے بانی شیوا کمار کی جانب سے ہائی کورٹ کو روانہ کردہ مکتوب کو از خود کارروائی کرتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست میں تبدیل کردیا گیا اور چیف جسٹس کی زیر قیادت بنچ نے سماعت کی ۔ درخواست گزار نے کہا کہ ذبیحہ گاؤ کے نتیجہ میں ہندوؤں کے مذہبی جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ درخواست گزار نے ذبیحہ گاؤ کو روکنے کیلئے ہدایات جاری کرنے کی اپیل کی۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ عید الاضحی سے ایک دن قبل اس طرح کا مکتوب روانہ کرنا مناسب نہیں ہے اور حکومت کو احکامات جاری کرنے کیلئے وقت نہیں ملے گا۔ عدالت نے کہاکہ آخری وقت میں اس طرح کے حساس مسائل کی پیشکشی کہاں تک درست ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ غیر قانونی طور پر جانوروں کی منتقلی کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے تمام تر اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے غیر قانونی منتقلی پر مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ عدالت نے حکومت کو ہدایت دی کہ ذبیحہ گاؤ پر پابندی سے متعلق قانون پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ امن و ضبط کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں۔ عدالت نے کہا کہ عیدالاضحی کو اس کے حقیقی جذبہ کے تحت منایا جائے ۔ چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی گئی کہ ذبیحہ گاؤ روکنے سے متعلق اقدامات پر 2 اگست کو عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔ر